’’خُرد بین‘‘ (فارسی، اسمِ مونث) کا املا عام طور پر ’’خورد بین‘‘ لکھا اور پڑھا جاتا ہے۔
طرفہ تماشا یہ ہے کہ ’’بی بی سی اُردو سروس‘‘ سمیت کئی موقر نشریاتی اداروں نے ’’خُرد بین‘‘ کا املا ’’خورد بین‘‘ رقم کیا ہے۔
’’فرہنگِ آصفیہ‘‘، ’’علمی اُردو لغت‘‘، ’’جہانگیر اُردو لغت (جدید)‘‘ اور ’’جدید اُردو لغت‘‘ میں مذکورہ لفظ کا املا ’’خُرد بین‘‘ درج ہے نہ کہ ’’خورد بین‘‘ جب کہ اس کے معنی ’’وہ آلہ جس سے پاس کی ادنا ادنا اور باریک چیز تک دکھائی دے‘‘، ’’بڑا دکھانے والا آلۂ شیشہ‘‘ وغیرہ کے ہیں۔
رشید حسن خان نے اپنی کتاب ’’اُردو املا‘‘ (مطبوعہ زُبیر بکس، اشاعت 2015ء) کے صفحہ نمبر 272 پر ’’خُرد‘‘ کے ذیل میں الفاظ کی ایک فہرست دی ہے جس میں لفظ ’’خُرد بین‘‘ بھی درج ملتا ہے۔
البتہ نوراللغات (کمپیوٹرائزڈ ایڈیشن) وہ واحد لغت ہے جس میں ’’خُرد‘‘ کے ذیل میں ’’خورد بین‘‘ درج ملتا ہے جو ٹائپنگ کی غلطی دکھائی دیتی ہے۔