"www.lafzuna.com” کے شایع کردہ مضمون ’’عمر شریف کے ساتھ کامیڈی کا ایک باب بند‘‘ از ’’عقیل خان ‘‘ کے مطابق عمر شریف (Umar Sharif) پاکستانی اداکار، کامیڈین، ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور ٹیلی وژن اداکار، 19 اپریل 1955ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے۔
انتہائی کم عمری میں والد کا سایہ سر سے اُٹھ گیا۔ شرارتی، نٹ کھٹ اور ہر فنِ مولا ’’عمر شریف‘‘ محلے میں گھومتے پھرتے بس لوگوں کی نقلیں اتارتے ۔ کبھی چٹکلے سنا کر لوٹ پوٹ کرتے ، تو کبھی فلمی ستاروں کی آوازیں نکال کر پورے محلے کو زعفران زار بنا دیتے۔
عمر شریف کے یوں تو کئی سٹیج ڈراموں نے دھوم مچائی، البتہ ’’بکرا قسطوں پہ‘‘ ان میں سب سے زیادہ مقبول رہا جس کے پانچ سیزن آئے۔ عمر شریف کے مطابق اس ڈرامے کا پہلا حصہ انہوں نے صرف دو دن میں لکھا تھا۔ ’’بکرا قسطوں پہ‘‘ اور ’’بڈھا گھر پے ہے‘‘ جیسے ڈراموں نے پاکستان میں خوب کمائی کی۔
عمر شریف نے اپنی قسمت فلمی دنیا میں بھی آزمائی۔ 1986ء میں ’’حساب‘‘ اور ’’خاندان‘‘ نامی فلموں میں کام کیا۔ 1992ء میں اپنی ہی ڈائریکشن میں تیار ’’مسٹر 420‘‘ سنیما گھروں کی زینت بنائی، تو اپنے مِزاحیہ جملوں، دلچسپ کہانی اور موسیقی کی بنا پر اس فلم نے دھوم مچا دی۔ عمر شریف کو ’’مسٹر 420‘‘ پر بہترین اداکار سمیت چار نگار ایوارڈز ملے ۔ وہ واحد آرٹسٹ ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں چار نگار ایوارڈ حاصل کیے ۔ اس بے مثال پذیرائی کے بعد عمر شریف نے ’’مسٹر چارلی‘‘، ’’مس فتنہ‘‘، ’’چلتی کا نام گاڑی‘‘، ’’جھوٹے رئیس‘‘، ’’بہروپیا‘‘، ’’چاند بابو‘‘، ’’کھوٹے سکے ‘‘ اور ’’چھپا رستم‘‘ جیسی بہترین فلموں کا تحفہ اپنے چاہنے والوں کو دیا۔
2 اکتوبر 2021ء کو نیورم برگ، جرمنی میں انتقال کرگئے۔