وکی پیڈیا کے مطابق ہر سال 21 مارچ کو ’’عالمی یومِ جنگلات‘‘ منایا جاتا ہے ۔ یہ دن اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی قرارداد کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔ اس کو منانے کا مقصد انسانی زندگی میں جنگلات کی اہمیت بارے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔ جنگلات جو نہ صرف انسانی ماحول میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں اور جن کی انسانی صحت پر گہرے اثرات ہوتے ہیں بلکہ ’’گلوبل وارمنگ‘‘ جیسے اہم اور سنگین مسئلہ کو کم کرنے میں بھی جنگلات کا اہم کردار ہوتا ہے۔ اسی مناسبت سے عالمی طور پر یہ دن منایا جاتا ہے۔ لوگ یہ دن مختلف طریقوں سے مناتے ہیں، تاہم سب سے عام طریقہ شجرکاری کا ہے۔ اس دن مختلف ممالک کو بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے سفارشات بھی کی جاتی ہیں اور ان ممالک پر شجرکاری کے لیے قومی، علاقائی اور محلے کے سطح پر اقدامات کرنے کی درخواست بھی کی جاتی ہے۔
