تحصیلِ مٹہ چیئرمین شپ، امیدوار میدان میں کود پڑے

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں وزیرِ اعلا محمود خان کی آبائی تحصیل ’’مٹہ‘‘ میں تحصیل چیئرمین شپ 8 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
اس حلقے سے تحریکِ انصاف کے امیدوار وزیرِ اعلا کے بھائی اور سابق تحصیل ناظم عبداللہ خان ہیں۔ اے این پی سے سابق تحصیل ناظم اور سابق ضلع نایب ناظم عبدالجبار خان، پیپلز پارٹی سے محمد شیر خان، جے یو آئی سے رحیم اللہ، جماعتِ اسلامی سے سید اظہار اللہ، پی ٹی آئی کے ناراض آزاد امیدوار محمد خان، آزاد امیدوار آفتاب خان اور سید بادشاہ معین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اس حلقے میں چیئرمین شپ کے علاوہ 46 نیبر ہوڈ، ویلج کونسلوں میں 489 امیدوار جنرل کونسلر، 109 امیدوار خواتین کونسلر، 200 امیدوار مزدور کسان کونسلر، 136 امیدوار یوتھ کونسلروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
مٹہ تحصیل میں کوئی اقلیتی امیدوار نہیں۔ تحصیلِ مٹہ، بابوزئی کے بعد سوات کا دوسرا بڑا یونین کونسل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 295127 ہے جس میں 164388 مرد اور 130739 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
اس حلقہ میں کل 202 پولنگ سٹیشن قایم کیے گئے ہیں جن میں 2134 انتخابی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔