معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "timeanddate.com” کے مطابق پریٹی زنٹا (Preity Zinta) مشہور بھارتی فلم اداکارہ 31 جنوری 1975ء کو ہماچل پردیش، بھارت میں پیدا ہوئیں۔
وکی پیڈیا کے مطابق ہندی فلموں میں اپنی پہچان بنائی۔ اس کے علاوہ تیلگو، پنجابی اور انگریزی زبان کی فلموں میں بھی کام کیا۔ انگریزی ادب اور کرمنل نفسیات میں گریجویشن کرنے کے بعد 1998ء میں ’’دل سے‘‘ فلم سے اپنے کیریئر کی شروعات کی اور اسی سال ’’سولجر‘‘ فلم میں بھی کردار نبھایا۔ فلم فیئر اعزاز برائے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔بعد میں اس نے ’’کیا کہنا‘‘ (2000ء) میں ایک نوخیز اکیلی ماں کا کردار ادا کیا جس سے اس کو کافی شہرت ملی۔ آگے چل کر مختلف قسم کے کرداروں سے اپنا کیریئر قایم کیا۔
پریتی زنٹا متعدد تنازعات کا شکار رہی ہیں۔ 2003ء میں ’’بھارت شاہ کیس‘‘ میں بطورِ گواہ بھارتی مافیا کے خلاف گواہی دی۔ بھارت شاہ نے پریتی زنٹا کی ایک فلم ’’چوری چوری چپکے چپکے‘‘ میں مالی مدد کی تھی۔ بھارت شاہ کو 2000ء میں ممبئی کے انڈر ورلڈ باس چھوٹا شکیل سے تعلقات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔