وکی پیڈیا کے مطابق میل گبسن (Mel Gibson) امریکی نژاد آسٹریلوی اداکار، ہدایت کار، پیش کار و مصنف 3 جنوری 1956ء کو نیویارک، امریکہ میں پیدا ہوئے۔
12 سال کی عمر میں آسٹریلیا منتقل ہوگئے۔ بعد ازاں سڈنی کے ’’نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈرامیٹک آرٹ‘‘ سے اداکاری کی تعلیم حاصل کی۔ ’’میڈ میکس‘‘ (Mad Max series) اور ’’لیتھل ویپن‘‘ (Lethal Weapon) جیسے معروف سلسلوں میں نام کمانے کے بعد’’بریو ہارٹ‘‘ (Brave Heart) جیسی اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلم تخلیق کی جس میں ہدایت کاری اور مرکزی کردار جیسے اہم فرائض نبھائے۔ ’’بریو ہارٹ‘‘ کی ہدایت کاری کے نتیجے میں اداکاری سے ہدایت کاری کا رُخ کیا اور بہترین ہدایت کار کا آسکر ایوارڈ جیتا۔ 2004ء میں شہرۂ آفاق فلم ’’دی پیشن آف دی کرائسٹ‘‘ (The Passion of the Christ) پیش اور تخلیق کی…… جس میں حضرت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی کے آخری لمحات (مسیحی عقیدے کے مطابق) کی فلم بندی کی گئی ہے۔
حکومت آسٹریلیا کی جانب سے ’’آفیسر آف دی آرڈر آف آسٹریلیا‘‘ (Officer of the Order of Australia) کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں جب کہ 2004ء میں معروف جریدے فوربس (Forbes) نے انہیں دنیا کی طاقتور ترین شخصیات کی سالانہ فہرست میں جگہ دی۔