معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "britannica.com” کے مطابق سیموئیل جانسن (Samuel Johnson) مشہور انگریز ادیب اور لغت نویس 18 ستمبر 1709ء کو لیچفیلڈ، برطانیہ میں پیدا ہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق تاجر کے بیٹے تھے۔ آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کی۔ عملی زندگی کا آغاز ایک اقامتی مدرسہ کے اجرا سے کیا، جو چل نہ سکا۔ لندن میں رہائش اختیار کی اور رسالوں میں مضامین لکھنا شروع کیے۔ پارلیمنٹ کے مباحث بھی رپورٹ کیے۔ 1740ء کے لگ بھگ انگریزی لغت (English Dictionary) کا آغاز کیا جو 1755ء میں شائع ہوا۔
اپنی ماں کی تجہیز و تکفین کے مصارف کے لیے ناول "Resselas” لکھا۔ 1762ء میں قرضوں کی وجہ سے قید ہوئے، مگر اسی سال حکومت کی طرف سے 300 پونڈ سالانہ پنشن مقرر ہوگئی۔ تنقیدی مضامین اور نکتہ سنجی کے باعث شہرت پائی۔
13 دسمبر 1784ء کو برطانیہ میں انتقال کرگئے ۔
