12 جولائی، ولین آف دی ملینیم ’’پران‘‘ کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق پران (Pran) مشہور بھارتی اداکار 12 جولائی 2013ء (93 سال کی عمر) میں بمبئی میں انتقال کرگئے۔
12فروری1920ء کو پرانی دہلی کے ایک علاقے ’’بلی ماران‘‘ کے ایک دولت مند پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ والد ’’کیول کرشن سکند‘‘ سول انجینئر تھے اور سرکاری ٹھیکے لیا کرتے تھے۔ ماں کا نام رامیشوری تھا۔
تعلیم کے شعبے میں ’’پران‘‘ نے بڑی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ بچپن ہی سے ریاضی کے مضمون میں ماہر تھے۔ والد اکثر ملازمت کے سلسلے میں گھر سے باہر رہتے تھے۔ اس لیے ’’پران‘‘ کو متعدد جگہوں سے تعلیم حاصل کرنا پڑی، جن میں دہرہ دون، کپورتھلہ، میرٹھ اور اناؤ (یوپی) شامل ہیں۔ رام پور کے حامد اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد دہلی میں پروفیشنل فوٹوگرافر کے طور پر کام کرنے لگے ۔ بعد میں شملہ کا سفر کیا اور وہاں رام لیلا کے میلے میں سیتا کا کردار بھی نبھایا۔
’’پران‘‘ نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد ایوارڈز وصول کیے۔ 1967, 1969ء اور 1972ء میں فلم فیئر ایوارڈز حاصل کیے۔ 1997ء میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملا۔ 2000ء میں ’’کو اسٹار ڈسٹ‘‘ نے ’’ولین آف دی ملینیم‘‘ کا ایوارڈ بھی دیا، جو بلاشبہ ان کی فن کارانہ صلاحیتوں کا اعتراف تھا۔ 2001ء میں آرٹس کے لیے ان کی بے مثال خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انڈیا کے پدم بھوشن ایوارڈ سے بھی انہیں نوازا گیا۔ 2013ء میں ’’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘‘ بھی دیا گیا جو سنیما اور فلموں کے لیے انڈین حکومت کا سب سے بڑا قومی ایوارڈ ہے۔ 2010ء میں سی این این کی 25 بہترین اور آل ٹائم ایشیائی اداکاروں کی فہرست میں بھی انہیں شامل کیا گیا۔