وکی پیڈیا کے مطابق پاکستان کے شہرہ آفاق مصور، خطاط اور نقاش سید صادقین احمد نقوی 10 فروری 1987ء کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
30 جون 1923ء امروہہ متحدہ ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم آبائی شہر امروہہ ہی میں حاصل کی۔ بعد ازاں آگرہ یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ تقسیم ہند کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی آ گئے۔
صادقین کے فن پاروں کی پہلی نمائش 1954ء میں کوئٹہ میں ہوئی تھی جس کے بعد فرانس، امریکہ، مشرقی یورپ، مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی ایسی نمائشیں منعقد ہوئیں۔ مارچ 1970ء میں تمغائے امتیاز اور 1985ء میں ستارۂ امتیاز سے نوازے گئے۔
صادقین کو سب سے پہلے کلامِ غالب کو تصویری قالب میں ڈھالنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ خطاطی و مصوری کے نمونے فیصل مسجد اسلام آباد، فریئر ہال کراچی، نیشنل میوزیم کراچی، صادقین آرٹ گیلری اور دنیا کے ممتاز عجائب گھروں میں موجود ہیں۔