15 مئی، ڈاکٹر ابوالخیر کشفی کا یومِ انتقال

پاکستان سے تعلق رکھنے والے اردو نقاد، محقق، ماہر تعلیم اور کراچی یونیورسٹی کے سابق چیئرمین شعبہ اردو ڈاکٹر ابو الخیر کشفی 15 مئی 2008ء کو انتقال کرگئے۔
12 مارچ 1932ء کو کانپور، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے ۔ ان کے دادا سید شاہ محمد اکبر عربی، فارسی اور اردو زبان کے مشہور عالم تھے۔ والد، سید ابو محمد ثاقب کانپوری اپنے زمانے کے نامور شعرا میں شمار ہوتے تھے۔ تایا سید محمد ہاشم جامعہ عثمانیہ میں دینیات کے پروفیسر رہے ۔
1947ء میں حلیم مسلم کالج سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا۔پھر کراچی آگئے، جہاں 1952ء میں جامعۂ کراچی سے ایم اے کا امتحان پاس کیا اور اسی جامعہ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ایم اے کرنے کے بعد تدریس کو اپنا ذریعۂ معاش بنایا۔ پہلے اسلامیہ کالج میں اور پھر جامعۂ کراچی کے شعبۂ اردو سے منسلک ہوئے۔ تین برس تک ایک جاپانی یونیورسٹی میں بھی اردو کی تدریس کے شعبے سے وابستہ رہے ۔ سات کتابوں کے مصنف تھے۔