وکی پیڈیا کے مطابق اردو کے خوش گو شاعر سید سبطِ علی صباؔ14 مئی 1980ء کو 45 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
11 نومبر 1935ء کو کوٹلی لوہاراں ضلع سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے ۔ والد زین العابدین برٹش انڈین آرمی میں ملازم تھے ۔
سید سبطِ علی صبا1953ء سے 1960ء تک پاکستان کی بری فوج کے ساتھ وابستہ رہے اور پھر پاکستان آرڈیننس فیکٹری ، واہ کینٹ سے منسلک ہوئے ۔ مجموعۂ کلام جس کا نام انہوں نے خود ’’ابرسنگ‘‘ تجویز کیا تھا، ان کی وفات کے بعد احباب نے ’’طشتِ مراد‘‘ کے نام سے 1986ء میں شائع کیا۔ سید سبط علی صباؔ کی کلیات بھی ’’ابر سنگ‘‘ کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکی ہے۔ ان کا ایک شعر اردو ادب میں ضرب المثل کی حیثیت رکھتا ہے ۔
دیوار کیا گری مرے خستہ مکان کی
لوگوں نے میرے صحن میں رستے بنا لیے