سوات میں پہلا کرونا وائرس پازیٹو کیس سامنے آیا ہے، مگر فکر کی کوئی بات نہیں۔ یہ تحریر پوری پڑھ لیں۔ آپ خود بخود مطمئن ہوجائیں گے۔
آج (25 مارچ، 2020ء) سہ پہر کو غالباً پانچ بج رہے تھے کہ فیاض ظفر صاحب اپنے ایک صحافی دوست سے فون پر بات کر رہے تھے اور انہیں سمجھانے کی بھرپور کوشش کر رہے تھے کہ اس وقت ریٹنگ کو گولی مارنی چاہیے اور انتہائی ذمہ داری سے کام لینا چاہیے۔ مجھے شک ہوا کہ ہو نہ ہو کسی کا کیس ’’پازیٹو‘‘ آیا ہے۔ وہ بھی مجھ سے آنکھ چرا رہے تھے کیوں کہ انہیں پتا ہے میں اس حوالہ سے کچھ زیادہ حساس ہوں۔ میری دفعتاً فیس بک وال پر نظر پڑی جہاں مجھے نیاز احمد خان (سینئر جرنلسٹ، سوات) نے ایک پوسٹ میں ٹیگ کیا تھا کہ ’’یہ وقت ذمہ داری سے رپورٹنگ کا ہے۔‘‘ میرا شک یقین میں بدل گیا۔ بس دس منٹ بعد نیاز احمد خان کی تیار کی ہوئی ایک خبر ’’وٹس اپ‘‘ نمبر پر موصول ہوئی۔ سرِ دست خبر ملاحظہ ہو:’’سوات میں امریکہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق، ڈاکٹر جواد عالم ایک ہفتہ قبل سوات آیاتھا، اب ایبٹ آباد میں رہائش پذیر ہے، ڈی ایچ او سوات۔ تفصیلات کے مطابق سوات میں محکمۂ صحت کے افسر ڈی ایچ او ڈاکٹر اکرام شاہ کے مطابق ایک ہفتہ قبل امریکہ سے سوات مانیار آنے والے ڈاکٹر جاوید عالم میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق موصوف خود ڈاکٹر ہیں اور ان کو اندازہ تھاکہ ان میں کرونا وائرس ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سوات مانیار میں خود کو آئی سولیٹ کیا ہواتھا۔ انہوں نے روزِ اول سے کسی کے ساتھ ہاتھ ملایاہے، نہ وہ کسی تقریب میں شریک ہی ہوئے ہیں۔ چارد ن سوات میں رہنے کے بعد ایبٹ آباد منتقل ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق محکمۂ صحت نے پھر بھی احتیاط کے طورپر مانیار کے علاقے میں آپریشن شروع کردیا ہے۔علاقے کو قرنطینہ میں تبدیل کر د یاگیاہے۔ اس موقع پر محکمۂ صحت کے مذکورہ افسرنے عوام سے اپیل کی ہے کہ باہر ملکوں سے آئے ہوئے تمام لوگوں پر نظررکھیں اور ان کی آمدکی اطلاع فوراً محکمۂ صحت کو دیا کریں۔ محکمۂ صحت تمام لوگوں کو مؤثر مشورے اور علاج کی سہولیات مفت فراہم کررہا ہے۔‘‘
میری گذارش ہوگی کہ اس تحریر کا خبر والا حصہ دوبارہ پڑھ لیں۔ ہوسکتا ہے کہ جلدی میں آپ حضرات کچھ نِکات نوٹ کرنے سے معذور رہے ہوں۔ اور اگر نہیں پڑھنا چاہتے، تو چلیے ہم اب اپنی بات کہے دیتے ہیں۔
اس خبر کا پہلا تسلی بخش نکتہ یہ ہے کہ جن حضرت کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، وہ خود ڈاکٹر ہیں۔ انہیں پہلے سے کرونا وائرس بارے علم تھا کہ یہ وبا ہاتھ ملانے، اچانک کسی کے پاس چھینکنے یا کھانسنے سے دوسرے کو بیمار کرسکتی ہے۔ اس لیے انہوں نے گھر آتے ہی سب کو مطلع کیا اور خود آئی سو لیٹ ہوگئے۔
اس خبر کا دوسرا تسلی بخش نکتہ، ڈاکٹر موصوف رضاکارانہ طور پر اور انسانیت کی بہبود کی خاطر سوات سے جاچکے ہیں اور ایبٹ آباد میں اپنے ذاتی گھر کو اپنا قرنطینہ قرار دے چکے ہیں۔
اس خبر کا تیسرا تسلی بخش نکتہ، اس پورے محلے کو قرنطینہ ڈکلیئر کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر موصوف قیام کرچکے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب تک پورے محلے کو کلیئر قرار نہیں دیا جاتا، نہ کوئی اندر جائے گا اور نہ کوئی باہر ہی نکلے گا۔
اب اگر اس کے بعد بھی آپ لوگوں کو تشویش ہے، تو بسر و چشم!
اور اگر آپ نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (فیس بک، ٹویٹر وغیرہ) پر ایسے صحافی حضرات کو دوست بنالیا ہے، جنہیں اپنے اکاؤنٹ، فرینڈ لسٹ، لائکس اور یُو ٹیوب سبسکرائبرز کے اضافہ سے کام ہے، اور وہ رائی کا پہاڑ بنانے کے ماہر ہیں، تو پروردگار آپ کی حالت پر رحم فرمائے۔
تشویش میں مبتلا ہونے اور خود کو ذہنی خلجان میں مبتلا کرنے سے بدرجہا بہتر ہے کہ احتیاط برتیں، احتیاط زندگی ہے!
………………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔