وکی پیڈیا کے مطابق روزنامہ ڈان کے معروف کالم نگار آردیشر کاؤسجی (Ardeshir Cowasjee) چھیاسی سال کی عمر میں 24 نومبر 2012ء کو کراچی میں انتقال کرگئے۔
انہیں کراچی کی معروف کاروباری شخصیات میں گِنا جاتا ہے۔ سماجی کاموں اور معاشرے کی بھلائی کے لیے دوڑ دھوپ کرنے کے حوالہ سے مشہور تھے۔ وہ مختلف سیاسی ادوار میں قومی اداروں کے سربراہ بھی مقرر ہوئے۔
ان کا ایک قابلِ ذکر کام ’’کاؤسجی فاؤنڈیشن‘‘ کے پلیٹ فارم سے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف دینا اور ان کی راہنمائی کرنا ہے۔ اس حوالہ سے وہ طلبہ و طالبات کو ایک طرح سے ملک کے اندر اور باہر ہائیر ایجوکیشن کے لیے قرضہ دیا کرتے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر قرض رقم واپس کی جائے گی، تو دیگر طلبہ و طالبات کو بھی پڑھنے میں کوئی مشکلات نہیں ہوں گی۔
آردشیر کاؤسجی کے مطابق بیشتر طلبہ و طالبات قرضہ لینے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب اچھی نوکریاں اور قابلِ ذکر تنخواہیں لینے کے قابل ہوئے، تو فاؤنڈیشن کو قرضہ واپس کرنا ضروری نہیں سمجھا۔