23 نومبر، چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق نامور پاکستانی فلم اداکار، پروڈیوسر، سکرپٹ رائٹر اور مصنف وحید مراد 23 نومبر 1983ء کو انتقال کرگئے۔
"dunya.com.pk” پر شائع شدہ عبدالحفیظ ظفر کے ایک آرٹیکل کے مطابق ’’پاکستانی فلمی صنعت کے سپر سٹار اور چاکلیٹ ہیرو وحید مراد کی موت کے بارے میں بھی ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ آیا انہوں نے خود کشی کی یا ان کی موت طبعی تھی ۔ یہ بات ضرور کہی جاتی ہے کہ وحید مراد نے جتنا عروج دیکھا وہ کم ہی لوگوں کے نصیب میں ہوتا ہے لیکن جب ان کا زوال آیا تو وہ یہ برداشت نہ کر سکے ۔ زندگی کے آخری دنوں میں وہ بہت اداس اور مایوس رہتے تھے ، ان کی موت نیند کی حالت میں ہوئی۔ بہر حال اس موت نے پاکستانی فلمی صنعت کو ہلا کر رکھ دیا۔‘‘
وحید مراد 2 اکتوبر 1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔وہ جنوبی ایشیا کے سب سے زیادہ مشہور اور بااثر اداکاروں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔وہ فلم تقسیم کار نثار مراد کے اکلوتے بیٹے تھے ۔
وحید مراد نے کراچی گرامر اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ Marie Colaco Schoolکراچی سے میٹرک کیا۔ ایس ایم آرٹس سے گریجویشن کیا، اور اس کے بعد کراچی یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا۔
نومبر 2010ء میں، انتقال کے 27سال بعد، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ادب، فنونِ لطیفہ، کھیل اور طب کے شعبوں میں ممتاز میرٹ کے لیے آپ کو ستارۂ امتیاز سے نوازا۔