19 نومبر، ایشوریا عالمی حسینہ منتخب ہوئی

وکی پیڈیا کے مطابق 19 نومبر 1994ء کو بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے 21 سال کی عمر میں 44ویں عالمی حسینہ منتخب ہوئی۔
ایشوریا یکم نومبر 1973ء کو بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر منگلور میں ’’تولو‘‘ بولنے والے ’’تولووا بنت‘‘ گھرانے میں پیدا ہوئی۔ اس کا والد آرمی میں بیالوجسٹ تھا۔
اس نے بارہ برس کی عمر سے پورے پانچ سال تک کلاسیکل رقص اور موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ اس کا پسندیدہ مضمون زوالوجی تھا۔ لہٰذا شروع میں اس نے طب کا شعبہ اپنانے کے بارے میں سوچا، لیکن بعد میں اسے آرکیٹیکٹ بننے کا شوق ہوا، تو اس نے رچنا سنسد اکیڈمی آف آرکییٹکچر میں داخلہ لے لیا، لیکن بعد میں ماڈلنگ کے کیریئر کو وقت دینے کے لیے آرکیٹکچر کی یہ تعلیم ادھوری چھوڑ دی۔
ایشوریا نے 1991ء میں فورڈ کے زیر اہتمام ہونے والا سپر ماڈل مقابلہ جیتا اور امریکی فیشن میگزین ’’ووگ‘‘ کی خصوصی اشاعت میں شائع ہوئی۔ مشروب ساز کمپنی پیپسی کی 1993ء کی اشتہاری مہم میں اداکار عامر خان اور اداکارہ ماہیما چودھری کے ساتھ جلوہ گر ہوئی اور بے حد عوامی مقبولیت حاصل کی۔ اس اشتہار میں اس کا یک سطری مکالمہ ’’ہائے، میں سنجنا ہوں‘‘اسے شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ سال 1994ء میں مس انڈیا مقابلۂ حسن میں سُشمیتا سین کے مقابل دوسرے نمبر پر رہی اور مس ورلڈ کا تاج سر پر سجایا۔