وکی پیڈیا کے مطابق مولوی اسماعیل میرٹھی 12 نومبر 1844ء کو میرٹھ میں پیدا ہوئے۔
اُن کا شمار جدید اردو ادب کے اُن اہم ترین شعرا میں ہوتا ہے جن میں مولانا الطاف حسین حالی، مولوی محمد حسین آزاد وغیرہ شامل ہیں۔
پروفیسر گوپی چند نارنگ کے بقول: ’’مولوی اسما عیل میرٹھی، ایک ہمہ جہت شخصیت تھے، ان کا شمار جدید نظم کے ہئیتی تجربوں کے بنیاد گزاروں میں ہونا چاہیے۔‘‘
ان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اس وقت اردو زبان و ادب کی آبیاری کی جب فارسی زبان و ادب کا بول بالا تھا۔ مدارس میں فارسی کتابوں کا چلن تھا اور گھروں میں صرف انفرادی طور پر اردو کی تعلیم ہوتی تھی۔ اس وقت بچوں کی تدریسی ضرورتوں کا ادراک کرتے ہوئے جس شخص نے باقاعدہ بچوں کے ادب کی طرف توجہ دی، وہ مولوی اسما عیل میرٹھی تھے۔ انہوں نے نظمیں بھی لکھیں اور پہلی سے پانچویں جماعت تک کے لیے اردو کی درسی کتابیں بھی تصنیف کیں۔ ابتدائی جماعتوں کے لیے اردو زبان کا قاعدہ بھی مرتب کیا۔ انہوں نے قواعد و زبان پر بھی کئی کتابیں تصنیف کیں۔ انہوں نے لوئر پرائمری، اپر پرائمری اور مڈل جماعتوں کے لیے علاحدہ درسی کتابیں تیار کیں، جن میں بچوں کی نفسیات کے مطابق اسباق شامل کرتے ہوئے ان کی عمروں کا بھی خاص خیال رکھا گیا۔ ان کی درسی کتابیں ہزاروں مدارس اور اردو میڈیم اسکولوں کے نصاب میں شامل ہیں۔