وکی پیڈیا کے مطابق دنیا بھرمیں امراضِ قلب کا عالمی دن 29 ستمبر کو منایا جا تاہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں دل کی بیماریوں کے متعلق مکمل آگاہی اور ان سے بچاؤ کے لیے شعور پیداکرناہے۔
دنیا میں لاکھوں افراد ہر سال دل کی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ پاکستان میں ہر سال تقریباً دو لاکھ افراد دِل کے امراض کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں۔ عالمی ادارہ برائے صحت (World Health Organisation) نے خبردار کیا ہے کہ 2030ء تک دنیا بھر میں دل کے امراضِ کے سبب اموات کی شرح 17.3 ملین سے بڑھ کر23.6ملین تک پہنچ سکتی ہے۔
دل کے امراض کی بڑی وجوہات میں تمباکو نوشی، غیر صحت مند غذا اور جسمانی سرگرمیوں کا فقدان ہے۔ دل کے امراض سے بچنے کے لیے تمباکو نوشی ترک کی جائے، روزانہ پھل اورسبزیوں کا استعمال کیا جائے اور دن بھر میں ایک چائے کے چمچ سے زیادہ نمک کے خوراک میں استعمال سے پرہیز کیا جائے۔ دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے روزانہ کم از کم آدھا گھنٹا جسمانی سرگرمیوں میں گزارا جائے، یا ورزش کی جائے ۔