2 ستمبر، احمد شاہ مسعود کا یومِ پیدائش

معلوماتِ عامہ کے حوالہ سے انگریزی کی مشہور ویب سائٹ "timeanddate.com” کے مطابق افغانسان کے عسکری و سیاسی راہنما احمد شاہ مسعود 2 ستمبر 1953ء کو پنج شیر، افغانستان میں پیدا ہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق آپ 1979ء سے 1989ء کے درمیان سوویت قبضے کے خلاف مزاحمت میں اور بعد ازاں خانہ جنگی کے ایام میں بھی مرکزی حیثیت کے حامل تھے ۔ آپ 11 ستمبر 2001ء کو ایک خودکش حملے میں انتقال کرگئے۔
آپ نسلاً تاجک اور مسلکاً سنی تھے۔ آپ کا تعلق شمالی افغانستان کی وادئی پنج شیر سے تھا۔ آپ نے 1970ء کی دہائی میں کابل یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی، جہاں دورانِ تعلیم کمیونسٹ مخالف تحریک کا حصہ بنے۔ 1979ء میں سوویت اتحاد کے قبضے کے بعد مزاحمتی رہنما کا کردار نبھانے پر آپ کو ’’شیر پنج شیر‘‘ کا خطاب دیا گیا۔ 1992ء میں معاہدۂ پشاور کے تحت آپ کو افغانستان کا وزیرِ دفاع مقرر کیا گیا۔ پھر افغان خانہ جنگی کے ایام میں آپ گل بدین حکمت یار اور بعد ازاں طالبان کے خلاف نبرد آزما رہے ۔
1996ء میں طالبان کے دار الحکومت پر قبضہ کرنے کے بعد آپ ان کے نظریۂ اسلام کے مخالف کے طور پر ابھرے اور ایک مرتبہ پھر ہتھیار اٹھا لیا۔ آپ نے شمالی اتحاد کے رہنما کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، اور بالآخر 9 ستمبر 2001ء کو ایک خودکش حملے میں انتقال گئے ۔ اس بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ حملہ القاعدہ نے کروایا تھا جس میں تین حملہ آور صحافیوں کی حیثیت سے آئے اور انٹرویو کے دوران میں کیمرے میں نصب بم پھٹنے سے آپ چل بسے ۔
افغانستان کے سابقہ صدر حامد کرزئی نے آپ کو ’’قومی ہیرو‘‘ کا خطاب دیا۔ آپ کی برسی کے دن یعنی 9 ستمبر کو افغانستان میں ’’یومِ مسعود‘‘ کی حیثیت سے منایا جاتا ہے۔