وکی پیڈیا کے مطابق اردو زبان کی معروف شاعرہ ادا جعفری22 اگست 1924ء کو بدایوں میں پیدا ہوئیں۔
آپ کا اصل نام عزیز جہاں تھا۔ آپ تین سال کی تھیں کہ والد مولوی بدرالحسن کا انتقال ہو گیا جس کے بعد پرورش ننھیال میں ہوئی۔
آپ نے 13 برس کی عمر میں شاعری شروع کی تھی۔ آپ اداؔ بدایونی کے نام سے شعر کہتی تھیں۔ اس وقت ادبی رسالوں میں آپ کا کلام شائع ہونا شروع ہو گیا تھا۔ آپ کی شادی 1947ء میں نور الحسن جعفری سے انجام پائی۔ شادی کے بعد اداؔ جعفری کے نام سے لکھنے لگیں۔
آپ عموماً اخترؔ شیرانی اور اثرؔ لکھنوی سے اصلاح لیتی رہیں۔ آپ کے شعری مجموعہ ’’شہرِ درد‘‘ کو 1968ء میں ’’آدم جی‘‘ ادبی انعام ملا۔ شاعری کے بہت سے مجموعہ جات کے علاوہ ’’جو رہی سو بے خبری رہی‘‘ کے نام سے اپنی خود نوشت سوانح عمری بھی 1995ء میں لکھی۔ 1991ء میں حکومتِ پاکستان نے ادبی خدمات کے اعتراف میں تمغائے امتیاز سے نوازا۔
مختصر علالت کے بعد 12 مارچ 2015ء کو آپ کا انتقال ہو گیا۔