5 اگست، موپساں کا یومِ پیدائش

انیسویں صدی کا مشہور فرانسیسی مصنف "گے د موپساں” (Guy de Maupassant) پانچ اگست 1850ء کو پیدا ہوئے۔
آپ کو جدید مختصر فسانے کا بابا آدم کہا جاتا ہے۔ آپ نے ڈھیر ساری کہانیاں 1870ء کی جرمنی اور فرانس کے درمیان ہونے والی جنگ کے تناظر میں لکھیں۔ آپ نے اکثر کہانیوں میں اُن معصوم شہریوں کے مصائب اور مشکلات کو دکھایا ہے جو جنگ کی تباہ کاریوں کا نشانہ بنتے ہیں۔ آپ نے چھے ناول بھی لکھے۔
آپ کم عمر تھے کہ آپ کی ماں نے قانونی طور پر آپ کے والد سے علاحدگی اختیار کرلی۔ اس وقت آپ کی عمر گیارہ سال تھی۔ والد کی غیر موجودگی میں ماں آپ کی شخصیت پر اثر انداز ہونے والی سب سے بڑی ہستی بن گئیں۔ آپ کی ماں کا کوئی ادبی مقام نہ تھا، لیکن وہ کلاسیکی ادب بالخصوص شیکسپیئر کی بڑی دلدادہ تھیں۔ تیرہ سال کی عمر میں موپساں اپنی ماں کے ساتھ اس کے آبائی قصبے میں بڑا خوش و خرم رہے۔ آپ کا گھر مضافات میں ساحلِ سمندر پر تھا۔ جہاں آپ بڑے شوق سے مچھلیاں پکڑنے اور دیگر بیرونی تفریحات میں مشغول رہتے۔ تیرہ سال کی عمر میں آپ ایک چھوٹی سی مذہبی درسگاہ میں روایتی تعلیم کے لیے داخل کرا دیے گئے۔