عورت کے نام پر اپنے مفادات کی تکمیل کون چاہتا ہے؟

عورتوں کا عالمی تاریخی حوالوں سے 1909ء سے منایا جا رہا ہے۔ یہ فروری میں منایا جانا شروع ہواتھا۔ پھر 1917ء سے آج کے دن سے منایا جا رہا ہے، یعنی 8 مارچ کو ’’عالمی دن برائے خواتین‘‘ کا درجہ حاصل ہوا ہے۔ پاکستان میں بھی ظاہر سی بات ہے دیگر عالمی دنوں کی طرح یہ دن بھی منایا جاتا ہے، لیکن اس حوالے سے گذشتہ دو دہائیوں سے کافی شعور اجاگر ہوا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ پرائیویٹ ٹی وی چینلز کی بھرمار، اخبارات کی اشاعت کا بڑھنا اور سوشل میڈیا جیسے فورمز کا عام لوگوں تک رسائی ہو جانا ہیں۔
پاکستان میں گذشتہ دو دہائیوں سے عالمی دن برائے خواتین کی طرح دیگر عالمی دن منانے کی روایت مضبوط ہوتی جا رہی ہے، لیکن اس حوالے سے تمام کارکردگی دو ہزار کے بعد سے زیادہ نمایاں ہوئی ہے۔ پاکستان میں اظہارِ رائے کی آزادی ایک اہم مسئلہ رہی ہے، لیکن کچھ سالوں سے اس حوالے سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن کے تحت اظہار کی آزادی ملنا شروع ہوئی ہے (کچھ مسائل اب بھی اس حوالے سے موجود ہیں، لیکن بطورِ مجموری ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس وقت پاکستان میں اظہار سوچ کا، یا اپنے خیالات کا کسی قدر آسان ہو چکا ہے) اور یہی وجہ ہے کہ بعض معاملات میں اس آزادی کا منفی استعمال بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
اس حوالے سے آج کل بحث نے عالمی یومِ خواتین پر پاکستان میں ایک نئی طرز کے احتجاج کے حوالے سے بحث چھیڑ دی ہے۔ اس حوالے سے انفرادی سطح پر شہریوں کے کردار کے علاوہ ریاست کے اقدامات پہ بھی سوالیہ نشان اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔
اس سال یعنی 2019ء میں عالمی یومِ خواتین پہ ’’عورت مارچ‘‘ کے نام سے ایک مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مارچ بھی اگر عمومی احتجاجی رویوں کی عکاسی کرتا، تو شاید متنازعہ نہ ہوتا، لیکن اس احتجاج نے پورے ملک میں مذہبی و اخلاقی حوالوں سے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ کیوں کہ اس مارچ کے دوران میں خواتین نے ایسے نعروں، فقروں اور جملوں کی ترویج کی جو عمومی طور پر معاشرتی لحاظ سے ہمارے ہاں معیوب سمجھے جاتے ہیں۔ صرف ہمارے ہاں نہیں بلکہ اخلاقی لحاظ سے بھی ان نعروں کا جواز شاید کم ہی بنتا ہے، لیکن یہ حقیقت بھی اپنی جگہ مسلم ہے کہ ان متنازعہ نعروں کی وجہ سے ہی ان نعروں کو بنانے والے توجہ پا گئے ہیں۔
خواتین نے جو پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اُن پہ کچھ نعرے تو ایسے تھے کہ جن پہ کسی کو اعتراض نہ ہو، لیکن کچھ الفاظ ایسے بھی تھے جو اخلاق سے گرے ہوئے کہے جائیں، تو ہرگز غلط نہ ہو گا۔ اور حیرت اور دُکھ کی بات یہ ہے کہ ان الفاظ پہ کسی قسم کی پشیمانی کی بجائے فخریہ طور پر ان کو ’’اُون‘‘ کرنا سامنے آ رہا ہے۔ اور اس کی مختلف توجیحات پیش کی جا رہی ہیں۔
طلاق جیسے نازک مسئلے پہ بحث چھیڑ دی گئی ہے۔ عورت و مرد کے مذہب، اخلاقیات اور معاشرتی کردار کے حوالے سے معاملات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس عورت مارچ میں حقیقی معنوں میں مسائل کا شکار عورت کے مسائل پہ کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
اس پورے معاملے میں اس حقیقت سے یکسر پہلوتہی برتی گئی کہ اینٹوں کے بھٹے پہ مزدوری کرنے والی کیا عورت نہیں ہے؟ اس کے حقوق کی بات کیوں نہ کی گئی؟ ہمارے ہاں سیکڑوں عورتیں غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں، اس عورت مارچ میں اس حوالے سے بحث کیوں نہیں کی گئی؟ کیا عورت کے حقوق کی آواز صرف اشرافیہ کے ان طبقوں کے لیے ہی ہے کہ جو اپنی مرضی و رضا کے حوالے سے خود مختار ہیں؟ اس عورت مارچ میں حیران کن طور پر اُن کم سن بچیوں کے حقوق پہ بھی کوئی بات نہیں کی گئی، جو اشرافیہ کے گھروں میں ظلم و ستم کا شکار ہو رہی ہیں؟ کیا وہ بچیاں مستقبل کی مائیں نہیں ہیں؟ کیا ان کے حقوق نہیں ہیں؟ کیا اس پورے مارچ کا قضیہ یہی تھا کہ طلاق یافتہ ہو کے خوشی کا اظہار کیسے کیا جائے؟ کیا اس حقیقت سے انکار ممکن ہے کہ شرعی ہوتے ہوئے بھی یہ ناپسندیدہ عمل قرار پایا ہے؟
اس عورت مارچ کے حوالے سے سب سے اہم نقطہ یہ ہے کہ اس پہلو پہ غور ہی نہیں کیا گیا کہ اس مارچ کو اسپانسر کس نے کیا؟ اس مارچ میں حصہ لینے والے افراد کے درمیان باہمی ربط کس طرح قائم کیا گیا؟ اس مارچ کی انتظامیہ کون تھی؟ اس مارچ میں شریک ہونے والوں کی وضع قطع ایک جیسی ہی کیوں تھی (کہ ان کا تعلق معاشرے کے ایک ہی طبقے سے محسوس ہو رہا تھا)؟
اس مارچ میں نعروں کے لیے لکھے گئے تمام پلے کارڈز ایک جیسا منظر ہی کیوں دکھا رہے تھے؟ کیا ایسا تو نہیں کہ کچھ مفادات کے حصول کے لیے بعض انفرادی شخصیات یا اداروں نے (غیر ملکی اور ملکی این جی اوز) بطورِ خاص اس دن ایسا متنازعہ ایونٹ ترتیب دیا ہو؟
قارئین، ان تمام سوالوں کا جواب ڈھونڈنا تو شاید اس لیے بھی ضروری ہے کہ یہ اقلیت میں چند افراد تھے، جب کہ اس عورت مارچ کے حوالے سے سے باشعور خواتین جن کا تعلق زندگی کے ہر شعبے سے ہے، نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے اور اسے عورت کی عزت سے زیادہ تذلیل سے تعبیر کیا ہے۔
سوچنے کی بات تو یہ ہے کہ پاکستان میں تو عورت اس وقت جہاز اُڑا ہی ہے، مسلح افواج میں اعلیٰ عہدوں پہ موجود ہے، طب کے شعبے میں کارہائے نمایاں سر انجام دے رہی ہے، نجی شعبے میں اپنے کاروبار کی خود نگران ہے۔ اس طرح خواتین فیکٹریاں چلا رہی ہیں، سمال سے لے کر میڈیم انڈسٹری کی مالک بھی ہیں۔ پاکستان میں عورت اداروں کی چیف ایگزیکٹو ہے۔ وہ پوری دنیا میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے، تو پھر یہ کون سا ٹولا ہے جو عورت کے نام پہ اپنے مفادات کی تکمیل چاہنے کے درپے ہے؟
ہمیں ان سوالوں کے جوابات جلد تلاش کرنا ہوں گے۔ اگر تو اس عورت مارچ کے مقاصد حقائق پہ مبنی ہیں، تو ہمیں نہ صرف ان پہ غور کرنا ہو گا بلکہ ان کو بٹھا کے بات کرنا ہو گی۔ لیکن اگر اس طرح کے مارچ کے روحِ رواں پسِ پردہ کچھ اور مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں جو اسلامی جمہوریۂ پاکستان کی اساس کے خلاف ہیں، تو پھر ہمیں ان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں بھی ہرگز تاخیر کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ کیوں کہ اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں یہ ہمارے معاشرے کی شکست و ریخت کا باعث بن جائیں گے۔

…………………………………………………….

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com پر ای میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔