26 نومبر 1964ء کو پاکستان میں ٹیلی وِژن کا آغاز لاہور کے اسٹیشن سے ہوا۔
وکی پیڈیا کے مطابق حکومت پاکستان نے اکتوبر 1964ء میں تجرباتی بنیاد پر جاپان کی ایک فرم ’’نپن الیکٹرک کمپنی‘‘ کے تعاون سے پاکستان کے دوشہروں لاہور اور ڈھاکہ میں ٹیلی وِژن اسٹیشن کھولنے کا فیصلہ کیا۔ 26 نومبر 1964ء کو لاہور اور25 دسمبر 1964ء کو ڈھاکہ میں ٹیلی وِژن اسٹیشن کھولے گئے۔ یہ دونوں اسٹیشن شروع میں روزانہ تین گھنٹے کی نشریات کا اہتمام کرتے تھے۔ ہفتہ میں ایک دن یعنی پیر کو ٹی وی کی نشریات نہیں ہوتی تھیں۔
شروع شروع میں ٹی وی کے تمام پروگرام اسٹیشن میں تیار نہیں ہوتے تھے بلکہ نشریات کا زیادہ حصہ درآمدی اور دستاویزی معلوماتی پروگراموں پر مبنی ہوتا تھا۔