بختِ رحمان اور جمالیات سے عاری سماج

Blogger Zaheer ul Islam Shahaab

سوشل میڈیا پر وائرل کانٹینٹ اور شخصیات ہمیں سماجی ترجیحات کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہیں۔ اس تحریر پر بختِ رحمان کی ایک وڈیو نے مائل کردیا، جس میں اُسے موٹر کی اگلی سیٹ پر بٹھایا گیا ہے اور پیچھے موجود لوگ اُس کا جسم نوچ کر تنگ کر رہے ہیں، تاکہ وہ گالیوں پر مجبور ہوجائے۔ ایسا ہو بھی جاتا ہے۔ وہ گالیاں بھی دے دیتا ہے، اپنی گلو خلاصی کے لیے منت سماجت بھی کرلیتا ہے اور وڈیو بنانے والوں کا مقصد بھی پورا ہو جاتا ہے، یعنی وڈیو پر ہزاروں لائکس اور لاکھوں ویوز!
بختِ رحمان سوات سے تعلق رکھنے والا ایک عمر رسیدہ شخص ہے۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار ہے۔ کیوں کہ جس سماج میں وہ رہتا ہے، وہ اُس سے کہیں بڑھ کر بیمار ہے۔ بہ ہر حال، ایک غریب شخص ہے۔ لوگوں نے جانا ہے کہ وہ اپنی ایک دنیا میں رہتا ہے اور گالیوں کا بہ طور تکیہ کلام استعمال کرتا ہے۔ کچھ گالیاں خالص اُس کا ذاتی اختراع ہوتی ہیں اور وہی اس کی شہرت کا سبب بنی رہی ہیں۔ لہٰذا جس نے بھی اپنا چینل یا پیج پروموٹ کرنا ہو، وہ اُس کے پاس جاتا ہے اور کوشش کرتا ہے کہ اُس سے زیادہ سے زیادہ گالیاں نکلوائے۔ کیوں کہ جتنی زیادہ گالیاں ہوں گی، اُتنی ہی وڈیو زیادہ پسند کی جائے گی۔ گالیاں اُگلوا اُگلوا کر اَب ظاہر ہے حج و عمرہ کروانا بھی ضروری ہوگیا تھا، اس لیے کچھ لوگ اُسے عمرے کے لیے سعودی عرب بلا چکے ہیں۔ وہاں سے بھی اس کی وڈیوز آرہی ہیں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پروموٹ ہورہے ہیں۔ اس بار ’’ماشاء اللہ‘‘ اور ’’سبحان اللہ‘‘ کی پیکنگ میں۔ اس سماج کی فکری سطح اور تفریحات کا معیار بس اتنا ہے۔
بختِ رحمان اکیلا نہیں۔ اُس جیسے لوگوں سے سوشل میڈیا تو کیا، ملک کا ہر اِدارہ بھرا پڑا ہے۔ اور تو اور، جن لوگوں کا کسی اچھے ماہرِ نفسیات سے چیک اَپ کروا لینا چاہیے تھا، اُن کو قوم نے پارلیمنٹ تک بھیج دیا ہے۔
یہ انٹیلیکچولی اپاہج، جمالیات سے عاری اور تماشا گر سماج ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے