وکی پیڈیا کے مطابق ہری ونش رائے بچن (Harivansh Rai Bachchan)، ہندی کے ممتاز شاعر اور بالی وڈ کے میگا سٹار امیتابھ بچن کے والد، 27 نومبر 1907ء کو اُتر پردیش، متحدہ ہندوستان میں پیدا ہوئے۔
اعلا تعلیم اِلہ آباد یونیورسٹی اور بنارس ہندو یونیورسٹی سے حاصل کی۔ بچن جی سنہ 1940ء میں کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے ہندوستانی تھے۔ ایک زمانے میں جب اُردو کے ممتاز شاعر فراقؔـ اِلہ آباد یونیورسٹی کے انگریزی کے شعبے کے سربراہ تھے، بچن جی اسی شعبے میں انگریزی ادب کے پروفیسر رہے۔ اُنھوں نے شیکسپیئر کے المیہ ڈراموں کا ہندی میں ترجمہ کیا تھا۔ ہندی شاعری میں اُن کی طویل نظم ’’مدھوشالہ‘‘ بہت مقبول ہے۔ سنہ 1967ء میں ہندی زبان کی ترویج و ترقی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں بھارتی پارلیمان کے ایوانِ بالا کے لیے نام زد کیے گئے۔
18 جنوری 2003ء کو ممبئی میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔