لفظ ’’عُمرانیات‘‘ کا تلفظ عموماً ’’عِمرانیات‘‘ ادا کیا جاتا ہے۔
نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی مطبوعہ و قیوم ملک کی تالیف شدہ کتاب ’’اُردو میں عربی الفاظ کا تلفظ‘‘ کے صفحہ نمبر 144 پر اس لفظ کا دُرست تلفظ ’’عُمرانیات‘‘ درج کیا گیا ہے جب کہ ’’عِمرانیات‘‘ کو غلط قرار دیا گیا ہے۔ نیز یہ تفصیل بھی درج ہے: ’’عِمران، حضرت موسیٰ علیہ السلام کے والد کا نام۔‘‘
فرہنگِ آصفیہ اور نوراللغات دونوں میں یہ لفظ موجود نہیں۔ البتہ ’’علمی اُردو لغت‘‘ (متوسط) میں اس کا تلفظ ’’عِمرانیات‘‘ درج ہے۔
وکی پیڈیا کے مطابق: ’’عُمرانیات ایک ایسا سماجی علم ہے جو مختلف تجرباتی تفتیشی طریقوں اور تنقیدی جایزوں کے ذریعے معاشرتی نظم، بدنظمی اور معاشرتی تبدیلی کے بارے میں ایک علمی ڈھانچا وضع کرتا ہے۔‘‘