مَحبت

’’مَحَبَّت‘‘ (عربی، اسمِ مونث) کا تلفظ عام طور پر ’’مُحَبَّت‘‘ ادا کیا جاتا ہے۔
’’فرہنگِ آصفیہ‘‘، ’’نوراللغات‘‘، ’’علمی اُردو لغت (متوسط)‘‘ اور ’’جدید اُردو لغت‘‘ میں دُرست تلفظ بفتحِ اول (مَ حَ بَّ ت) درج ہے نہ کہ بضمِ اول (مُ حَ بَّ ت) جب کہ اس کے معنی ’’اُلفت‘‘، ’’پیار‘‘، ’’چاہ‘‘ اور ’’یارانہ‘‘ کے ہیں۔
نوراللغات میں باقاعدہ طور پر یہ صراحت موجود ہے: ’’بفتحِ اول صحیح و بضمِ اول غلط ہے۔‘‘
فرہنگِ آصفیہ میں ’’مَحبت‘‘ کے ذیل میں حضرتِ بہادر شاہ ظفرؔ کا یہ خوب صورت شعر بھی درج ملتا ہے:
مَحبت چاہیے باہم، ہمیں بھی ہو تمھیں بھی ہو
خوشی ہو اس میں یا ہو غم، ہمیں بھی ہو تمھیں بھی ہو