30 جنوری، سڈنی شیلڈن کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق معروف امریکی ناول نگار اور ٹیلی ویژن لکھاری سڈنی شیلڈن 30 جنوری 2007ء کو کیلی فورنیا میں انتقال کرگئے۔
11 فروری 1917ء کو شکاگو میں پیدا ہوئے۔ حالات زندگی کسی ناول کے پلاٹ سے کم دلچسپ نہیں ۔ بچپن امریکی تاریخ کا بدترین اقتصادی دور تھا جسے آج ہم ’’مہا مندی‘‘ یا "Great Depression” کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ 1934ء میں 17 برس کے تھے، تو بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشی کا منصوبہ بنایا۔ اس سے پہلے کہ گلے میں پھندا ڈالتے،ہالی وڈ سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں ایک فلم کا سکرین پلے لکھنے کی دعوت دی گئی تھی۔ یوں زندگی سے بے زار یہ نوجوان ’’ہالی وڈ‘‘ اور ’’براڈ وے‘‘ کا ایک مقبول ڈراما نگار بن گیا۔
1948ء میں ’’دی بیچلر اینڈ دی بابی سوکسر‘‘ جیسی معروف فلم کے لیے اکیڈمی ایوارڈ سے نوازے گئے۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ انہوں نے پہلا ناول 1970ء میں لکھا، جب عمر 53 برس ہو چکی تھی۔ اس سے پہلے ڈرامے، سکرین پلے اور ٹی وی سیریل ہی لکھتے رہے۔
گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈز نے سڈنی شیلڈن کو 1990ء کے عشرے کے آخر میں دنیا کا سب سے زیادہ ترجمہ کیا جانے والا مصنف قرار دیا۔ ان کے ناول 51 زبانوں میں ترجمہ ہوکر دنیا کے 108 ممالک میں پڑھے جاتے ہیں۔