ریسکیو 1122 سوات کو ایک لاکھ سے زائد فیک کالیں موصول (خصوصی رپورٹ)

ریسکیو 1122 سوات کو ایک سال کے دوران میں 2 لاکھ سے زائد کالیں موصول ہوئیں۔
ریسکیو سوات کے ڈسٹرکٹ آفیسر شیر دل خان کے مطابق سال 2020ء میں مجموعی طور پر 10 ہزار 971 مختلف نوعیت کی ایمرجنسی میں خدمات سر انجام دیں۔ سب سے زیادہ خدمات طبی شعبے میں دی گئیں جن کی تعداد 9034 ہیں۔ میڈیکل کے علاوہ 848 ٹریفک حادثات، 268 آتش زدگیاں، 72 گولی لگنے کے واقعات، 99 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 20 گھروں اور عمارتوں کی چھت گرنے کے واقعات، 6 مختلف نوعیت کے گیس سلنڈر دھماکے اور 522 دیگر متفرق واقعات میں بھی خدمات سرانجام دیں۔
ریسکیو 1122 سوات نے اسی طرح مجموعی طور پر 9844 افراد کو بچایا، جن میں 9644 افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ 200 افراد کو موقع پر ہی طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جب کہ 99 افراد موقع پر ہی مختلف حادثات میں جاں بحق ہوگئے تھے، جنہیں اپنے آبائی علاقوں تک منتقل بھی کیا گیا۔
سوات کنٹرول روم 2020ء میں بھی شبانہ روز مصروف رہا۔ ضلع بھر سے 2 لاکھ 52 ہزار 856 کالیں موصول ہوئیں جن میں 1 لاکھ 29 ہزار 900 غلط یا فیک کالز شامل تھیں۔ ریسکیو 1122 سوات نے سال 2020ء میں معمول کی ایمرجنسی کے ساتھ ساتھ "کویڈ 19” (کورونا وائرس) میں بھی خصوصی فرائض سرانجام دیے۔ ریسکیو نے کورونا میں ایس او پیز کو مدِنظر رکھتے ہوئے مثبت اور مشتبہ مریضوں کو ہسپتالوں اور قرنطینہ سنٹرز میں منتقلی کے ساتھ مینگورہ شہر، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، مساجد اور دیگر مقامات پر جراثیم کش اسپرے بھی کیا۔