24 دسمبر، حامد کرزئی کا یومِ پیدائش

وکی پیڈیا کے مطابق افغان سیاست دان اور بارہویں صدر افغانستان ’’حامد کرزئی‘‘ 24 دسمبر 1957ء کو پیدا ہوئے۔
ان کاتعلق پشتون قبیلے پوپلزئی سے ہے۔ ان کے والد عبد الاحد کرزئی ظاہرشاہ کے عہد میں ایک اہم سیاسی شخصیت رہ چکے ہیں۔ وہ دو مرتبہ پارلیمنٹ کے رکن اور ایک مرتبہ اسپیکر بھی چنے گئے۔ ان کا خاندان 1982ء میں افغانستان میں حالات کی خرابی کے باعث کوئٹہ منتقل ہو گیا۔
حامد کے والد کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت قتل کر دیا جب وہ قریبی مسجد سے نماز پڑھ کر گھر واپس آ رہے تھے۔ ان کا قتل بھی افغانستان کے اعتدال پسند سابق سیاست دانوں کی پاکستان میں ہلاکتوں کے سلسلے کی ایک کڑی سمجھا جاتا ہے ۔
حامد نے ابتدائی تعلیم کابل کے ایک اسکول میں مکمل کی اور اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے بھارت چلے گئے ۔ ان کی تعلیم ہندوستان کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں اور اس کے بعد امریکہ میں ہوئی۔ انہیں اپنی مادری زبان پشتو کے علاوہ انگریزی اور دری زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے ۔
حامد کرزئی نے 1982ء میں افغانستان لبریشن فرنٹ کے ڈائریکٹر آپریشنز کی حیثیت سے افغان جہاد میں حصہ لیا۔ انہیں پہلا سرکاری عہدہ پروفیسر صبغت اللہ مجددی کی سربراہی میں بننے والی عبوری حکومت میں بطور ڈائریکٹر جنرل تعلقات خارجہ ملا۔ مجاہدین دور حکومت میں وہ 1992ء سے 1994ء تک افغانستان کے نائب وزیرِ خارجہ رہے۔ انہوں نے طالبان اسلامی تحریک کی ابتدا میں امن کی بحالی اور افراتفری کے خاتمے کی وجہ سے حمایت کی، لیکن بعد میں اس کے سخت گیر مؤقف کی وجہ سے اس سے الگ ہو گئے ۔ بعد میں انہوں نے ڈٹ کر طالبان کی مخالفت کی ۔