معلوماتِ عامہ کی مشہور انگریزی ویب سائٹ "timeanddate.com” کے مطابق 25 جون 1950ء کو جنگِ کوریا کا آغاز ہوا۔
وکی پیڈیا کے مطابق اس موقع پر شمالی کوریا کی فوجوں نے جنوبی کوریا پر چڑھائی کر ڈالی۔ اس طرح جنگِ کوریا کا آغاز ہو گیا۔ اقوام متحدہ کے فوجی دستے امریکہ کی زیرِ قیادت جنوبی کوریا کی امداد کو پہنچے۔ یہ جنگ تین سال جاری رہی۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ کوریا کی جنگ امریکہ کی پہلی محدود، غیر علانیہ اور ایسی جنگ تھی جسے وہ جیت نہ سکا۔
جنگ کوریا دنیا کی پہلی جنگ تھی جسے دنیا کی دو سپر طاقتیں امریکہ اور روس بالواسطہ جنگ (Proxy War) کے طور پر لڑتی رہیں۔ اس تین سالہ جنگ میں تیس لاکھ لوگ ہلاک ہوئے جس میں 36940 امریکی شامل تھے۔ 1953ء میں جنگ بندی عمل میں آئی اور اس کے ساتھ ہی دونوں کوریائی ریاستیں 38 عرض بلد پر مستقل تقسیم ہو کر رہ گئیں۔ سرحد کو بارودی سرنگوں اور خاردار تاروں سے محفوظ بنانے کا اہتمام کیا گیا۔ بعد میں دونوں ریاستوں کو اقوام متحدہ کا رکن بنا لیا گیا۔