وکی پیڈیا کے مطابق جیا پرادھا (Jaya Prada) مشہور بھارتی فلمی اداکارہ اور سیاست دان، 3 اپریل 1962ء کو آندھرا پردیش، بھارت میں پیدا ہوئیں۔
اصل نام للیتا رانی تھا۔ 1970ء تا 1990ء تیلگو اور ہندی دونوں فلمی دنیا کی سب سے مشہور اور بااثر اداکاراؤں میں سے ایک تھیں۔ تین فلم فیئر ایوارڈز (ساؤتھ) کی وصول کنندہ ہیں۔ متعدد تمل، ملیالم، کنڑ، بنگالی اور مراٹھی فلموں کے ساتھ ساتھ کئی تیلگو اور ہندی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ اپنے کیریئر کے عروج کے وقت فلمی دنیا چھوڑ دی۔ 1994ء میں ’’تیلگو دیشم پارٹی‘‘ میں شمولیت اختیار کی اور سیاست میں داخل ہوئیں۔ رام پور سے 2004ء تا 2014ء رکنِ پارلیمان رہیں۔
22 فروری 1989ء کو پروڈیوسر سری کانت ناہٹا سے شادی کی، جو پہلے ہی چندرا سے شادی شدہ تھے اور 3 بچوں کے باپ تھے۔ ان کی نئی شادی نے ڈھیر سارے تنازعات کو جنم دیا۔ خاص طور پر چوں کہ سری کانت ناہٹا نے اپنی بیوی سے طلاق نہیں لی تھی۔ جیا پرادھا کی سری کانت سے کوئی اولاد نہیں۔ بعد میں بہن کے بیٹے کو گود لیا اور اپنے مطابق اُس کی پرورش کی۔