سول سوسائٹی کی طرف سے شجرکاری مہم کا آغاز، رپورٹ

سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں سول سوسائٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کی بڑی ندی کے کنارے سیکڑوں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ مہم سوات بار کے سابق صدر معاذ ایڈوکیٹ اور سینئر صحافی فضل خالق کی سرکردگی میں جاری ہے۔

سکاؤٹس کے جوانوں اور نوجوانوں نے بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ (فوٹو: فضل خالق)

اس موقع پر معاذ ایڈوکیٹ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم کچھ دوستوں نے مل کر مینگورہ شہر کو ایک مرتبہ پھر سرسبز بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے، سوات سکاؤٹس اوپن گروپ اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے ہم نے باقاعدہ طور پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے جس میں مرغزار سے لے کر مینگورہ اور جامبل کوکارئی سے لے کر مینگورہ تک ندی کے کنارے درخت لگائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سبزیاں بھی کاشت کی جائیں گی۔ حضرت معاذ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث علاقے میں پانی کی کمی سر اٹھا رہی ہے اور موسم بھی بڑی تیزی کے ساتھ گرم ہونے جا رہا ہے جس کا واحد حل زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہے۔

شجرکاری مہم میں طلبہ نے بھی حصہ لیا۔ (فوٹو: فضل خالق)

اس موقع پر موجو د سینئر صحافی فضل خالق نے کہا کہ انہوں نے سول سوسائٹی اور صحافی برادری کے مالی تعاون سے سیکڑوں درختوں کا انتظام کیا ہے جو مینگورہ میں لگائے جا رہے ہیں۔ اس کی باقاعدہ دیکھ بال اور حفاظت کی جائے گی۔ فضل خالق کے بقول محض دو دہائی قبل مینگورہ کی نہریں صاف پانی سے بھری ہوئی تھیں، مگر افسوس کہ لوگوں نے اب ان کو گندے نالوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ قوم مل کر اپنے ملک اور علاقے کو صاف رکھ سکتی ہے۔
شجرکاری مہم میں سوات سکاؤٹس اوپن گروپ، ایلم سکاوٹس اوپن گروپ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، صحافی برادری اور علاقے کے معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ پہلے روز چار سو سے زائد پودے لگائے گئے جن میں اخروٹ، چنار، توت اور دیگر پودے شامل تھے۔