2 نومبر کی تاریخ بالی ووڈ کے اُفق پر ایک غیر معمولی جشن بن کر طلوع ہوتی ہے، جب کروڑوں مداح اپنے محبوب ’’کنگ خان‘‘ (شاہ رخ خان) کی آمد کا پُرجوش استقبال کرتے ہیں۔ یہ صرف ایک اداکار کا یومِ پیدایش نہیں، بل کہ ایک عہد، ایک خواب اور محبت کے اس استعارے کا جشن ہے، جس نے پوری نسل کی جوانی اور رومانس کو ایک نئی تعریف دی۔
ورلڈ پرفارمنگ آرٹ کے میدان میں اپنا ایک منفرد اور پیشہ ورانہ مقام رکھنے والی ہندوستانی فلم انڈسٹری، 90ء کی دہائی میں اپنے رومانوی اور ڈرامائی سینما کی بہ دولت یقینا ایک سنہرے دور سے گزری۔ یہ وہ وقت تھا، جب ہم ٹین ایج کی دہلیز پر قدم رکھ رہے تھے، ہمارے تخیل میں رنگ بھر رہے تھے اور ہماری راتیں بالی ووڈ کے پردے پر سجی کہانیاں دیکھ کر کٹتی تھیں۔ ہم نے اُن فلموں میں صرف تفریح ہی نہیں ڈھونڈی، بل کہ فلمی ہیرو کے کرداروں میں اپنا آپ، اپنی خواہشات اور اپنے پوشیدہ جذبات کو جیتا ہوا پایا۔
اُس دور میں، جہاں عامر خان اپنی سنجیدہ اداکاری اور سلمان خان اپنی توانائی سے حکم رانی کر رہے تھے، وہیں شاہ رخ خان ایک بالکل نئی اور منفرد لہر بن کر ابھرے۔ اُن کی آنکھوں میں وہ شرم اور چمک، اُن کے لہجے میں وہ بے ساختگی اور اُن کے انداز میں وہ معصومیت تھی، جس نے نوجوانوں پر جادو کر دیا۔ شاہ رخ خان محض ایک اداکار نہیں رہے، بل کہ وہ ہماری نسل کے لیے ایک آئیڈیل اور ایک مکمل رول ماڈل بن گئے۔ ہمیں ہر رومانی کش مہ کش، ہر جذباتی گیت اور ہر ڈرامائی موڑ میں خاص کر شاہ رخ خان میں اپنا مستقبل اور اپنا عکس دکھائی دیتا تھا۔ وہ محض سکرین کا ’’راج‘‘ یا ’’راہول‘‘ نہیں تھے ، بل کہ ہمارے اندر کا وہ نوجوان تھا، جو دنیا کو اپنی محبت سے فتح کرنا چاہتا تھا۔
یہ شاہ رخ خان کی مسلسل محنت اور جہد کا ثمر ہے کہ وہ باقی تمام خانوں اور اپنے ہم عصر اداکاروں کے مقابلے میں بین الاقوامی قبولیت اور غیر معمولی شہرت سمیٹنے میں کام یاب رہے۔ اُنھوں نے اپنے آپ کو محض ایک رومانوی ہیرو تک محدود نہیں رکھا، بل کہ ولن سے لے کر مزاحیہ کرداروں تک، ہر کردار میں اپنی انفرادیت اور فن کارانہ گہرائی کو ثابت کیا۔ یہی وہ پہچان ہے جس کی بہ دولت وہ بلا شبہ ’’بالی ووڈ کنگ‘‘ کے خطاب کے حق دار ٹھہرے اور اُن کی شہرت کسی ایک خطے یا ملک تک محدود نہ رہی۔
آج، جب ہم کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے اس عظیم فن کار کو ان کے یومِ پیدایش پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ شاہ رخ خان ایک فرد نہیں، بل کہ ایک ادارہ ہیں۔ وہ اُس رومانس کا نام ہیں جو 90ء کی دہائی میں شروع ہوا اور آج بھی ہماری یادوں میں زندہ ہے۔
’’کنگ خان‘‘ (شاہ رخ خان) کو یومِ پیدایش بہت بہت مبارک ہو……!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










