سیاست کی اصل روح

Blogger Muhammad Ishaq Zahid

ہمارے ہاں سیاست کو عام طور پر ’’پیروی‘‘ کا دوسرا نام سمجھا جاتا ہے۔ ایک نعرہ بلند ہوتا ہے، قافلہ چل پڑتا ہے اور پیچھے عقل، تحقیق، تصدیق اور سوال دم توڑ دیتے ہیں…… لیکن درحقیقت، سیاست، پیروی کا نام نہیں سیاست، شعور کی سواری ہے۔ سیاست ایک نظامِ عمل ہے، جس میں ہر قدم شعوری فیصلے، فکری تجزیے اور عملی حکمتِ عملی سے اُٹھایا جانا چاہیے۔ سیاست وہ گھڑ سواری نہیں، جس میں لگام کسی اور کے ہاتھ ہو اور سوار محض سواری کا مزا لے رہا ہو۔ اصل سیاست وہ ہے جہاں شعور، لگام تھامے ہو اور سمت کا تعین حقائق، تحقیق اور اُصول کریں۔
مگر افسوس، ہمارے ہاں سیاست، شعور سے زیادہ جذبات پر چلتی ہے۔ یہاں لیڈر کی بات دلیل سے زیادہ جذبات سے مانی جاتی ہے…… اور نظریات کی جگہ شخصیت پرستی کو اہمیت دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قومیں مسلسل چکر کاٹتی رہتی ہیں، مگر منزل نہیں پاتیں۔
جو قومیں سیاست کو صرف ’’پیروی‘‘بناتی ہیں، وہ فیصلہ کرنے کے بہ جائے ’’فیصلہ ماننے‘‘ کی عادت ڈال لیتی ہیں۔ اُن کے سوال مرجاتے ہیں، اُن کی آوازیں راہ نماؤں کے نعروں میں گم ہو جاتی ہیں اور اُن کا مستقبل صرف تقریروں اور پوسٹروں میں زندہ رہتا ہے۔
لیکن اب وقت ہے کہ ہم سیاست کو اس کی اصل روح میں سمجھیں۔ سیاست شعور ہے، نہ کہ اندھی عقیدت۔ سیاست سوال ہے، نہ کہ صرف نعرہ۔ سیاست، تحقیق و تصدیق کے ساتھ اپنی سمت کا تعین کرنے کا نام ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ہم نوجوانوں، طلبہ اور عام شہریوں میں سیاسی آگاہی، تحقیق کا ذوق اور تجزیاتی سوچ پیدا کریں۔ اُنھیں یہ سکھائیں کہ لیڈر کو ’’فالو‘‘ کرنے سے پہلے اُس کی بات کو پرکھنا، اُس کے کردار کو دیکھنا اور اُس کے نظریے کو جانچنا ضروری ہے……ورنہ ہم صرف ایک کے بعد ایک چہرہ بدلتے رہیں گے، نظام نہیں۔
سیاست نعرہ ہے، نہ اندھی تقلید…… سیاست ایک باشعور، بااخلاق اور بامقصد جدوجہد کا نام ہے۔منزل وہی پاتے ہیں جو خود سوچتے ہیں، خود چنتے ہیں اور خود سوال اُٹھاتے ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے