تحصیلِ کبل کے تین یونین کونسلوں کے 13 گاوؤں کے جرگہ نے اعلان کیا ہے کہ ہم سرکار کو مزید ایک انچ زمین نہیں دیں گے۔ اس سے پہلے بھی ہم سے ہزاروں کنال زمین اونے پونے داموں لی جاچکی ہے۔ اس بات کا اعلان ڈھیرئی فٹ بال گراؤنڈ میں علاقہ کے لویہ جرگہ میں کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جرگہ میں علاقہ کے ایم پی اے سلطانِ روم بھی شریک ہوئے۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ کے مشران شیر شاہ خان، محمد ذہین خان، سلطان خان، رشید احمد سواتی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھاؤنی کے نام پر ان سے 6 ہزار کنال زمین اونے پونے داموں لی گئی۔ اب ان کی زرعی، کمرشل زمینوں اور گھروں پر سروے کرکے ان سے مزید 8 ہزار کنال زمین لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
لویہ جرگہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اہلِ علاقہ ایک انچ زمین بھی سرکار کو دینے کو تیار نہیں۔ اس سے پہلے سرکار نے لوگوں سے ان کی آبا و اجداد کے وقت کی جو زمینیں لیں، اس کے بعد کئی افراد نے خود کشی کی۔ لہٰذا ہم اپنے علاقہ کے مشران کی مزید خودکشیوں کے لیے تیار نہیں۔ہم سیکشن فور ریٹ تو کیا، ایک فٹ زمین کو ایک کروڑ روپے کے عوض دینے پر بھی تیار نہیں۔ ہم اپنی زمینوں کے لیے ہر قسم کی مزاحمت کریں گے، یہاں تک کہ بندوق اٹھانے کے لیے بھی تیار ہیں۔ جس نے بھی زمینوں کے بارے میں سرکار کے ساتھ تعاون کیا، اُس کا گھر جلایا جائے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ انتظامیہ نے اگر سیکشن فور لگانے کی کوشش کی، تو جو حالات پیدا ہوں گے، اس کی ذمے دار انتظامیہ ہوگی۔