عوامی نیشنل پارٹی سوات کے رہنما میاں اقبال حسین ایڈوکیٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ سوات کے حلقہ پی کے 5 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار انجینئر امیر مقام اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار ثناء اللہ خان نے ٹرانس فارمر، بجلی کی کھمبوں، گیس کے پائپ اورپانی کی سکیموں کا لالچ دے کر لوگوں کے ضمیر کا سودا کیا ہے، جوکہ الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر ادارے اس بدترین کرپشن کا سخت نوٹس لیں۔
دیگر متعلقہ رپورٹیں:
پی کے 5، پی پی پی کا جے یو آئی اُمیدوار کا غیر مشروط حمایت کا اعلان
ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے باوجود کپتان کے ساتھ ہیں، انجینئر ریاض خان
نظریاتی کارکن پر ایک پیراشوٹر کو ترجیح دی گئی ہے، ملک آصف شہزاد
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر، وزیرِ اعظم کے مشیر رہے ہیں۔ ان کے پاس 15 محکموں کی ذمے داری تھی۔ اس دوران میں انھوں نے ٹرانس فارمر اوربجلی کی کھمبے چوری کیے ہیں، اَب اپنے حلقے میں راتوں رات تقسیم کر کے لوگوں کے ضمیر خرید رہے ہیں۔ جے یو آئی کے امیدوار ثناء اللہ خان حلقہ کے گھر گھر میں کنویں بنا رہے ہیں۔چھے چھے کلومیٹر کی سڑکیں اور گلی کوچے تعمیر کر رہے ہیں۔اس کرپشن پر مانیٹرنگ سیل اور الیکشن کمیشن خاموش ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اربوں روپے کے استعمال سے پی کے 5 میں شفاف انتخابات نظر نہیں آرہے ہیں۔ دوسری طرف اے این پی کییامیدوار میاں حذیفہ حلقہ کے عوام کو امن اور ترقی کا پیغام دے رہے ہیں۔ حلقہ کے عوام ٹرانس فارمر، کھمبوں اور پانی کی سکیموں کو مسترد کر کے حق دار اُمیدوار کے حق میں ووٹ استعمال کریں، تاکہ ضمیر کے سوداگروں کے حربے ناکام ہوسکیں۔
انھوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا، تو پھر صرف سرمایہ دار اور جاگیردار لوگ الیکشن میں حصہ لیں گے، جو الیکشن کے دوران میں اربوں روپے استعمال کریں گے۔ مہنگائی کی اصل وجہ ملک میں کرپشن ہے۔ کرپشن کے خاتمے اور حکومتی اخراجات میں کمی ہی سے مہنگائی ختم ہوسکتی ہے۔ اس لیے عوام اپنے حقوق کے حصول اور امن کے لیے عوامی نیشنل پارٹی کو ووٹ دیں۔