ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پی ایچ اے خیبر پختو نخوا ڈاکٹر صاحب گل نے کہا ہے کہ پیرامیڈیکس صحت کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ گورنمنٹ پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی سوات کا افتتاح 1982ء میں ہوا تھا، جو اَب ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے گورنمنٹ پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سوات میں بی ایس کلاسز کی اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تقریب سے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق، پرنسپل پی آئی ایم ٹی سوات ڈاکٹر شیراز احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور انسٹیٹیوٹ میں مختلف شعبوں اور لیبارٹریوں کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر مہمانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر شیراز احمد نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرانے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریوں کے ساتھ ساتھ کلاسوں میں پراجیکٹر کے ذریعے طلبہ اور طالبات کوتعلیم و تربیت دی جاتی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق نے کہا کہ طلبہ کو اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ مرکوز کرنی چاہیے، تاکہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر صاحب گل نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈسپلن کی پابندی کریں اور اچھے گریجویٹ بن کر بہترین ہیلتھ کیئر فراہم کرنے والے بنیں۔
تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی ڈی جی ہیلتھ اور پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق نے اساتذہ اور طلبہ و طالبات میں شیلڈ تقسیم کیے۔