طاقت کے اَڑتالیس اُصول

Forty Eight Rules of Power

ترجمہ و تلخیص: مزمل حسین گوندل
آپ میں سے اکثر لوگوں نے ’’رابرٹ گرین‘‘ (Robert Greene) کی مشہورِ زمانہ کتاب ـ”The 4 8Rules of Power” پڑھی ہوگی، یا پھر اس کا نام تو لازمی سنا ہوگا۔ آپ کا مقصد چاہے طاقت کا حصول نہ بھی ہو، پھر بھی اسے ضرور پڑھیں، تاکہ آپ لوگوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہوسکیں، بلکہ اپنے اِردگرد ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر پائیں۔ یہ کتاب عملی زندگی کی تلخ حقیقتوں کے مطابق آپ کو تیار ہونے میں نہایت معاون ثابت ہوتی ہے۔
اس کتاب کا مطالعہ کرنے کے بعد مَیں نے جو اس کا نچوڑ نکالا ہے، وہ آپ لوگوں سے شیئر کر رہا ہوں:
٭ پہلا اُصول:۔ ’’کبھی اپنے استاد یا رہبر سے آگے نہ نکلیں۔‘‘
یعنی اُن پر غلبہ حاصل کرنے سے گریز کریں اور اُنھیں برتر محسوس کروائیں، تاکہ وہ آپ کو اپنے مزید گر سکھاتے رہیں۔
٭ دوسرا اُصول:۔ ’’دوستوں پر حد سے زیادہ بھروسہ نہ کریں۔‘‘
محتاط رہیں۔ کیوں کہ اعتماد کو ٹھیس پہنچائی جاسکتی ہے۔
٭ تیسرا اُصول:۔ ’’اپنے ارادوں کو چھپا کر رکھیں۔ ‘‘
اختیارات برقرار رکھنے کے لیے اپنے مقاصد کو پوشیدہ رکھیں۔
٭ چوتھا اُصول:۔ ’’ہمیشہ ضرورت سے کم بولیں۔‘‘
طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے الفاظ کو محدود کرتے ہوئے اُنھیں ظاہر کرنے سے گریز کریں۔
٭ پانچواں اُصول:۔ ’’زندگی کی بہت سی چیزیں شہرت پر منحصر ہوتی ہیں۔ اسی لیے اپنی شہرت کی حفاظت کریں۔‘‘
شہرت اہم ہے اور ہر قیمت پر اس کی حفاظت کریں۔
٭ چھٹا اُصول:۔ ’’ہر قیمت پر لوگوں کی توجہ حاصل کریں۔‘‘
اپنی پوزیشن اور اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے دوسروں کی توجہ مبذول کریں۔
٭ ساتواں اُصول:۔ ’’دوسروں کو اپنے کام کرنے کے لیے استعمال کریں، مگر کریڈٹ خود لیں۔‘‘
کام تفویض کریں، لیکن اُن کی کامیابی کا کریڈٹ خود حاصل کریں۔
٭ آٹھواں اُصول:۔ ’’دوسرے لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اگر ضروری ہو تو اُنھیں کوئی لالچ دیں۔‘‘
لوگوں کو اپنی طرف راغب کرو۔ ان کا تعاقب نہ کرو۔
٭ نواں اُصول:۔ ’’عمل کے ذریعے جیتیں، نہ کہ دلیل کے ذریعے۔‘‘
اعمال کو الفاظ سے زیادہ اونچی آواز میں بولنے دیں اور دلائل سے گریز کریں۔
٭ دسواں اُصول:۔ ’’ناخوش اور بدقسمت لوگ انفیکشن ہوتے ہیں، اُن سے بچیں۔ ‘‘
منفی اثرات سے دور رہیں۔ وہ آپ کی کامیابی کو متاثر کرسکتے ہیں۔
٭ گیارھواں اُصول:۔ ’’اپنی صلاحیتوں کو ایسے استعمال کریں کہ لوگ آپ پر منحصر رہیں۔‘‘
کنٹرول اور طاقت برقرار رکھنے کے لیے لوگوں کو اپنے آپ پر انحصار کرنے کا عادی بنائیں۔
٭ بارھواں اُصول:۔ ’’لوگوں کو بے ضرر بنانے کے لیے ایمان داری اور سخاوت کا سیلیکٹو یا من پسندانہ استعمال کریں۔‘‘
ایمان داری اور سخاوت کا سیلیکٹو استعمال کرنا سیکھیں۔
٭ تیرھواں اُصول:۔ ’’احسان مندی یا رحم کی بھیک مانگ کر لوگوں کی مدد حاصل کرنے کی بجائے اُن کے ذاتی مفادات کی اہمیت کو اُجاگر کریں، تاکہ وہ لوگ اپنے فائدے کے لیے آپ کی مدد کے لیے تیار ہوجائیں۔‘‘
آپ کی مدد کرنے کے لیے لوگ اُس وقت زیادہ متحرک ہوں گے، اگر اُس عمل میں اُن کا ذاتی مفاد وابستہ ہوگا۔
٭ چودھواں اُصول:۔ ’’خود کو ایک دوست کے طور پر پیش کریں، مگر ایک جاسوس کے طور پر کام کریں۔‘‘
ضروری معلومات جمع کرتے وقت دوستانہ نظر آئیں۔
٭ پندرھواں اُصول:۔ ’’اپنے دشمن کو مکمل طور پر کچل دیں۔‘‘
جوابی کارروائی کو روکنے کے لیے اپنے دشمن کو مکمل طور پر ختم کریں۔
دیگر متعلقہ مضامین:
موت کی خوشی (تبصرہ) 
بھوکی سڑک (تبصرہ) 
جہاں گرد کی واپسی (تبصرہ) 
ناروے کی لوک کہانیاں (تبصرہ) 
خوش ونت سنگھ کا ناول ’’دلی‘‘ (تبصرہ)
٭ سولھواں اُصول:۔ ’’احترام اور عزت کو بڑھانے کے لیے لوگوں کو کم میسر آئیں۔‘‘
اپنی قدر اور خواہش کو بڑھانے کے لیے اپنے آپ کو نایاب بنا کر پیش کریں۔
٭ سترھواں اُصول:۔ ’’دوسروں کو تجسس میں رکھیں۔ غیر یقینی کی صورتِ حال پیدا کریں۔‘‘
پُراسراریت اور غیر یقینی کی فضا برقرار رکھیں۔
٭ اٹھارواں اُصول:۔ ’’اپنے آپ کو بچانے کے لیے اپنے گرد حصار نہ بنائیں۔ کیوں کہ تنہائی زیادہ خطرناک ہے۔‘‘
تنہائی آپ کو کم زور کر سکتی ہے۔ تحفظ کے لیے اتحاد بنائیں۔
٭ اُنیسواں اُصول:۔ ’’یہ حقیقت ضرور ذہن میں رکھیں کہ آپ کس کے ساتھ معاملات طے کر رہے ہیں۔اس لیے غلط شخص کو کبھی ناراض نہ کریں۔‘‘
لوگوں کو سمجھیں اور طاقت رکھنے والوں کو ناراض کرنے سے گریز کریں۔
٭ بیس واں اُصول:۔ ’’کسی سے کوئی وعدہ نہ کریں۔‘‘
اپنے اختیارات آزاد رکھیں۔کسی ایک شخص یا گروپ سے وابستہ نہ ہوں۔
٭ اکیس واں اُصول:۔ ’’دھوکا کھانے والوں کو پکڑنے کے لیے دھوکا کھانے والے کا کردار ادا کریں۔‘‘
کیوں کہ دھوکا کھانے والے ضرورت سے کہیں زیادہ بے وقوف دکھائی دیتے ہیں۔
٭ بائیس واں اُصول:۔ ’’وقتی طور پر ہتھیار ڈالنے کی حکمت عملی کا استعمال کریں اور کم زوری کو طاقت میں تبدیل کریں۔‘‘
دوسروں کو تحفظ کے جھوٹے احساس میں مبتلا کرنے کے لیے آپ کم زور دکھائی دیں۔
٭ تیئس واں اُصول:۔ ’’اپنی قوتوں پر توجہ مرکوز کریں۔‘‘
زیادہ سے زیادہ اثر کے لیے اپنی توانائیوں اور وسائل پر توجہ مرکوز کریں۔
٭ چوبیس واں اُصول:۔ ’’کامل درباری کا کردار ادا کریں۔‘‘
فایدے کے لیے مختلف حالات اور لوگوں کے مطابق ڈھل جائیں۔
٭ پچیس واں اُصول:۔ ’’اپنے آپ کو دوبارہ تخلیق کریں۔‘‘
کامیابی اور مطابقت پذیری کے لیے اپنے آپ کو مستقل طور پر از سرِ نو تشکیل دیں۔
٭ چھبیس واں اُصول:۔ ’’اپنے کردار کو صاف رکھیں۔‘‘
متنازع یا گندے کام میں براہِ راست ملوث ہونے سے گریز کریں۔
٭ ستائیس واں اُصول:۔ ’’لوگوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اُن کا یقین جیتیں، تاکہ وہ آپ کے اندھے پیروکار بن جائیں۔‘‘
لوگوں کی کسی بڑی چیز پر یقین کرنے کی خواہش کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کریں۔
٭ اٹھائیس واں اُصول:۔ ’’جرات کے ساتھ عمل کریں۔‘‘
توجہ اور کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کن دلیری سے کام کریں۔
٭ اُنتیس واں اُصول:۔ ’’اپنے راستے کی آخر تک مکمل منصوبہ بندی کریں۔‘‘
اچھی طرح سے منصوبہ بندی کریں اور تمام ممکنہ نتائج پر غور کریں۔
٭ تیس واں اُصول:۔ ’’اپنی کامیابیوں کو لوگوں کے لیے سادہ اور آسان نظر آنا دکھائیں۔‘‘
پُراَسراریت قائم رکھنے کے لیے اپنی کامیابی کو آسان اور سادہ بنائیں۔
٭ اکتیس واں اُصول:۔ ’’اپنی چوائسز کو کنٹرول کریں۔ پہلے دوسروں کو اُن کے کارڈ کھیلنے دیں۔‘‘
دست یاب چوائسز کو کنٹرول کرکے صورتِ حال کو کنٹرول کریں۔
٭ بتیس واں اُصول:۔ ’’لوگوں کی تصوراتی مسرتوں یعنی فینٹا سیز سے کھیلیں۔‘‘
اثر و رسوخ پانے کے لیے لوگوں کی خواہشات، تصورات اور مسرتوں پر اثر انداز ہونا سیکھیں۔
٭ تینتیس واں اُصول:۔ ’’ہر آدمی کی کم زوریوں سے واقفیت حاصل کریں۔‘‘
کنٹرول برقرار رکھنے یا فایدہ حاصل کرنے کے لیے کم زوریوں کی نشان دہی کریں۔
٭ چونتیس واں اُصول:۔ ’’اپنے انداز میں منفرد بنیں۔ بادشاہ کی طرح برتاؤ کریں اور اس کے جیسا سلوک پائیں۔
احترام کے حصول کے لیے شاہانہ اعتماد اپنائیں۔
٭ پینتیس واں اُصول:۔ ’’وقت کے استعمال میں مہارت حاصل کریں۔‘‘
موقع محل کے حساب سے کب کیا کام کرنا ہے، یا کب اس سے گریز کرنا ہے، اِس فن میں مہارت سیکھیں۔ (جاری ہے)
٭ چھتیس واں اُصول:۔ اُن چیزوں سے نفرت کریں، جنھیں آپ حاصل نہیں کرسکتے۔ اُن کو نظر انداز کرنا بہترین انتقام ہے۔
کنٹرول اور طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے ناقابلِ حصول چیزوں کو نظر انداز کریں۔
٭ سینتیس واں اُصول:۔ جاذبِ نظر نظارے تخلیق کریں۔
توجہ مبذول کرنے اور کنٹرول کرنے کے لیے ڈرامائی واقعات کے تسلسل کو تشکیل دیں۔
٭ اڑتیس واں اُصول:۔ اپنی مرضی کے مطابق سوچو اور دوسروں کے مطابق برتاؤ کرو۔
آزادانہ طور پر سوچیں، لیکن قبولیت حاصل کرنے کے لیے ظاہری طور پر دوسروں سے مطابقت پیدا کریں۔
٭ اُنتیس واں اُصول:۔ مچھلی پکڑنے کے لیے پانی میں ارتعاش پیدا کریں۔
موقع سے فائدہ اُٹھانے کے لیے افراتفری یا الجھاو پیدا کریں۔
٭ چالیس واں اُصول:۔ مفت کے کھانے سے پرہیز کریں۔
دنیا میں کچھ بھی مفت نہیں ہوتا۔ لہٰذا سخاوت کی آڑ میں پوشیدہ ارادے رکھنے والوں سے محتاط رہیں۔
٭ اکتالیس واں اُصول:۔ ایک عظیم آدمی کے نقش قدم پر چلنے سے گریز کریں۔
اپنا راستہ خود بنائیں۔عظیم پیشواؤں کے ساتھ براہِ راست موازنہ کرنے سے گریز کریں۔
٭ بیالیس واں اُصول:۔ چرواہے پر حملہ آور ہوں۔ بھیڑیں خود بہ خود بکھر جائیں گی۔
پیروکاروں کو منتشر کرنے کے لیے رہنما کو نشانہ بنائیں۔
٭ تریالیس واں اُصول:۔ دوسروں کے دل و دماغ کو فتح کریں۔
کنٹرول پانے کے لیے جذبات اور خیالات کو متاثر کریں۔
٭ چوالیس واں اُصول:۔ دوسروں کو غیر مسلح کرنے یا مشتعل کرنے کے لیے اُنھیں آئینہ دکھائیں۔
دوسروں کو غیر مسلح کرنے یا مشتعل کرنے کے لیے اُن کے طرزِ عمل کی عکاسی کریں۔
٭ پینتالیس واں اُصول:۔ تبدیلی کی ضرورت پر زور دیں، مگر ایک ہی وقت میں بہت زیادہ اصلاح نہ کریں۔
مزاحمت سے بچنے کے لیے احتیاط سے تبدیلی کی وکالت کریں۔
٭ چھیالیس واں اُصول:۔ کبھی بہت کامل یعنی ’’پرفیکٹ‘‘ نظر نہ آئیں۔
ہم دردی اور رابطہ حاصل کرنے کے لیے کم زوریوں کو ظاہر کریں۔
٭ سینتالیس واں اُصول:۔ تعین کردہ حد سے آگے مت بڑھیں، جس کا آپ نے ارادہ کیا تھا۔ لہٰذا فتح کے عمل میں سیکھیں کہ کب رُک جانا ہے۔
حد سے تجاوز نہ کریں؛ زیادہ سے زیادہ فائدے کے حصول کے لیے لازمی سیکھیں کہ کب رُکنا ہے۔
٭ اَڑتالیس واں اُصول:۔ خود کو بے ڈول یا بے ہیئت تصور کریں۔
مختلف حالات اور چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے قابلِ قبول اور لچک دار بنیں۔
قارئین! مذکورہ بالا اُصولوں میں سے کئی سے میں ذاتی طور پر متفق نہیں ہوں۔ کیوں کہ میری اخلاقیات کی نظر میں یہ سب ٹھیک نہیں۔ مَیں خود مختلف کام کی جگہوں پر شکار رہا ہوں۔ لوگوں کے اندرونی ارادوں کو نہ بھانپ سکنے پر طاقت کے حصول کے خواہش مندوں کے ہاتھوں استعمال ہوتا رہا ہوں۔
قارئین! مَیں سمجھتا ہوں کہ اس کتاب کو پڑھنے کے بعد آپ اپنے دفاع کی خاطر لوگوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔ ورنہ کئی مواقع پر آپ کچل دیے جاتے ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے