اکثر لوگوں کو لگتا ہے کہ نارساسسٹ یعنی کہ نرگسیت پسند لوگ صرف خود پسند یا مغرور قسم کے لوگ ہوتے ہیں…… اور یہی سب سے بڑی غلط فہمی ہے!
مجھے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں ایک جناب نے ایک پرفیکٹ مہلک نارساسسٹ (Malignant Narcissist) کا نقشہ کھینچا تھا، جن کے ہاتھوں انھیں بہت نقصان اُٹھانا پڑا، تو سوچا کہ آج اُن لوگوں کی اِس غلط فہمی کو دور کیا جائے جنھیں لگتا ہے کہ نرگسیت پسند صرف خود پسند اور اپنی ذات میں کھوئے ہوئے لوگ ہوتے ہیں۔ نرگسیت پسندوں میں بھی مختلف اقسام ہوتی ہیں، لیکن زیادہ تر اُن کے رویوں میں مشابہت پائی جاتی ہے اور آج میں مہلک نارساسسٹ پر بات کروں گی۔
ندا اسحاق کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/ishaq/
ویسے تو انسانی رویے پیچیدہ ہوتے ہیں، اور اُنھیں یوں چند پوائنٹ میں بیان کرنا ممکن نہیں رہتا، لیکن ہم اپنی سمجھ کے مطابق لوگوں کے رویوں پر بات کرکے اُن کے رویوں سے ملنے والے نقصان کو کسی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
٭ پہلا اسٹیج (love bombing):۔ ای میل میں موجود نارساسسٹ بہت ہی خوش مزاج، پُراعتماد اور چارمنگ انسان ہے۔ لکھنے والے نے کہا کہ اس نارساسسٹ نے ایسی محبت دی کہ شاید ہی کبھی کسی نے اس طرح پیار کیا ہو اُنھیں زندگی میں۔ نارکس پہلے اسٹیج میں محبت کا سہارا لیتے ہیں، جسے سائیکالوجسٹ محبت کی برسات (Love Bombing) کہتے ہیں۔ یہی وہ اسٹیج ہے، جس میں ان کے لیے آپ نئے اور دلچسپ ہوتے ہیں۔ یہ آپ کو جانتے ہیں، سمجھتے ہیں اور آپ میں دلچسپی لیتے ہیں۔ نارک امیر ہے، تو مہنگے تحفے، بہترین تجربات، سیکس، پاور ہر چیز کا استعمال کرکے آپ کو بہت خاص محسوس کرواتے ہیں۔ آپ کو یقین نہیں آتا کہ کوئی اتنا بہتر طور پر آپ کو ٹریٹ کیسے کرسکتا ہے۔ یہ لوگ پیسا، پاور اور سیکس کو دوسروں کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں…… اور یقینا یہ سب چیزیں لوگوں کی کم زوری بھی ہے، لیکن اگر آپ اس کم زوری کو طاقت میں نہ بدلیں، تو پھر انجام بہت برا ہوتا ہے۔ آپ کا انجام، نارساسسٹ کا نہیں!
ای میل میں موجود نارک نے بھی یہی سب کیا اور پھر انجام برا ہوا…… نارساسسٹ کا نہیں، بلکہ ان کا، جنھوں نے مجھے ای میل لکھی ہے۔ نارساسسٹ تو بالکل مزے میں ہے بقول ای میل لکھنے والے کے ۔
٭ دوسرا اسٹیج (devalue):۔ چوں کہ نارساسسٹ بوریت کا شکار ہورہا ہے…… اور اب اسے آپ سے بہتر کوئی مل گیا ہے، تو اب وہ آپ کی اہمیت اور قدر میں کمی کرے گا اور ساری توجہ نئی والی سپلائی پر ہوگی۔ اَب وہ وقت آئے گا جب آپ کو محسوس ہونے لگے گا کہ یہ بندہ (یابندی) جھوٹ بولتا ہے اور وہ بھی بہت زیادہ…… اور جب آپ اس کے جھوٹ یا دوغلا پن پکڑ بھی لیں، تو جس پُراعتمادی سے وہ جھوٹ بول کر آپ کے جائز سوالوں اور اندیشوں کو پلٹ دیتے ہیں (اسے سائیکالوجی کی زبان میں Gaslighting کہتے ہیں) کہ آپ کے پاس اُن کی بات پر یقین کیے بغیر کوئی آسرا نہیں رہتا۔ اس اسٹیج پر آپ الجھن اور اضطراب کا شکار رہتے ہیں۔ آپ مزید سوچتے ہیں، خود پر شک کرتے ہیں کہ شاید آپ میں کوئی کمی ہے، یا آپ ٹھیک سے رشتہ نہیں نبھا رہے۔ آپ مزید محنت کرتے ہیں، تاکہ وہ آپ کو پہلے جیسی اہمیت دینے لگے، لیکن ایسا کئی مہینوں میں ایک بار ہوتا ہے جس دن نارساسسٹ کا موڈ بہت اچھا ہوتا ہے۔ اسی اسٹیج پر آپ نارساسسٹ کے ساتھ (اگر وہ آپ کا پارٹنر ہے ) چوکنا (Alert) رہتے ہیں۔ کیوں کہ ذرا سی بات پر بھی اس نارساسسٹ کو غصہ آجاتا ہے، یا وہ بگڑ جاتا ہے۔ اُسے سائیکالوجسٹ قدم پھونک پھونک کر رکھنا (Walking on Eggshells) کہتے ہیں اور یہ چوکنا رہنا آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ یوں ہی مسلسل الجھن، جھوٹ، بے قدری کے مہینوں بعد جب بے پناہ اہمیت ملتی ہے نارساسسٹ سے، تو پھر ٹروما بونڈ (Trauma Bond) بن جاتا ہے۔ کیوں کہ اس کئی مہینوں کی بے قدری کے بعد اچانک سے محبت کی برسات کی مثال جوا کھیلنے والی مشین (Slot Machine) کی مانند ہے۔ جب آپ کئی مہینوں پیسے ہارتے ہیں اور پھر اس اُمید میں کہ شاید آج بڑا انعام نکل آئے، اور جب انعام نکلتا ہے، تو ڈوپامین (Dopamine) کی ایک بڑی مقدار خارج ہوتی ہے دماغ میں…… اور آپ پھر وہ پیسا جوا کھیلنے میں لگاتے ہیں کہ اَب دوبارہ وہی مقدار خارج ہوگی ڈوپامین کی۔ یہی چکر (Cycle) آپ کو ایک بندھن میں باندھ دیتا ہے جو کہ پیار کا نہیں بلکہ ٹروما کا ہوتا ہے۔
ہر کسی سے جھوٹ، جلن، حسد، ذرا سی تنقید کا برداشت نہ کرپانا اور آگ بگولا ہوجانا، بے تحاشا توجہ کی بھوک اور آپ کو اہمیت ملنے پر ان کا رویہ برا ہوجانا اور یوں محسوس کروانا کہ آپ کسی بھی چیز کے حق دار نہیں، کیوں کہ اصل حق داریت کے احساس کو محسوس کرنے کا حق صرف اُن کے پاس ہے۔ اِس اسٹیج پر بہت کنٹرول کرتے ہیں بلیک میل کرکے یا عموماً اپنی جان لینے کی دھمکی دے کر (وہ الگ بات ہے کہ کبھی جان لیتے نہیں اپنی۔) ہر بات ان کے متعلق، ہر معاملہ گھما پھرا کر انھی کے گرد، آپ کہیں نہیں ہوتے، آپ کچھ نہیں ہوتے۔ یہ سب اسی اسٹیج پر دیکھنے کو ملتا ہے۔
٭ تیسرا اسٹیج (discard):۔ اَب آپ کسی کام کے نہیں رہے اُس کے لیے، آپ کی موجودگی کا کوئی فائدہ نہیں۔ کیوں کہ اُس کے لیے آپ صرف ایک چیز کی مانند ہیں جس کے ذریعے وہ توثیق (Validation) حاصل کرتا ہے۔ آپ اس کی سپلائی (Supply) ہیں۔ نارکس کی مثال اُن نشے میں مبتلا لوگوں کی ہوتی ہے، جنھیں سرور (High) میں رہنے کی لت ہوتی ہے۔ یہ نارمل حالت میں نہیں رہ سکتے۔ انھیں ’’ہائی‘‘ چاہیے ہوتا ہے اور وہ بھی بہت زیادہ اور مسلسل…… یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ الکوحل، سیکس، پیسا، پاور، بہت سارے مرد/ عورت کو حاصل کرنے کا نشہ، دوسروں کو کنٹرول کرنا، تعریفیں حاصل کرنا، ہیرا پھیری (Manipulation)، مظلومانہ رویہ وغیرہ جیسی حرکتوں میں ملوث پائے جاتے ہیں (عام انسان کی نسبت زیادہ ملوث پائے جاتے ہیں۔ یہ ان کی طے شدہ حالت (Default State) ہوتی ہے۔) اُنھیں کافی ساری لت کا سامنا ہوتا ہے۔ تو اَب وقت ہوا چاہتا ہے آپ سے جان چھڑانے کا۔ اگر آپ سے جان چھڑانا آسان نہیں، تو اکثر مہلک نارساسسٹ آپ کی جان کو بھی نقصان پہنچاسکتے ہیں، آپ سے جان چھڑانے کے لیے۔ تبھی انھیں مہلک نارساسسٹ کہا جاتا ہے۔ باقی کی اقسام سے تعلق رکھنے والے بھی یہ سب کرتے ہیں، لیکن شدید کینہ پروری اور جان کو نقصان صرف مہلک نارساسسٹ ہی پہنچاتے ہیں۔
ای میل میں بھی ان جناب کو نارساسسٹ نے چھوڑ دیا…… لیکن ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا کر۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، اُن کو ملے ہوئے نقصان کو بیان کرنے کے لیے۔
ایسے رَد کیا اُن کو کہ وہ خود کو بے کار، ناکارہ اور ہارا ہوا انسان مانتے ہیں۔ اتنا کچھ کھو چکے ہیں کہ اب اُن کی سمجھ نہیں آرہا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھ کیا کریں۔
اُن جناب نے کافی کچھ کھویا اور وہ نارساسسٹ…… وہ مزے میں ہے۔ اُس کے پاس ایک اور ’’ہائی سپلائی‘‘ موجود ہے۔ برے کے ساتھ فی الحال تو برا نہیں ہوا، لیکن شاید وقت کے تھپڑ نارساسسٹ کے منھ پر بھی پڑیں…… کچھ کَہ نہیں سکتے۔ کیوں کہ کبھی کبھار برے کے ساتھ برا نہیں ہوتا…… اور اگر نارک کے ساتھ برا ہو بھی، تو اُس سے آپ کا ’’ابیوز‘‘ ٹھیک نہیں ہوگا۔ اُسے اُس کے حال پر چھوڑ کر اپنی شفایابی پر کام کرنا بہتر ہوگا۔
اِس وقت وہ جناب شدید غصے اور ملنے والے دھچکے کی تکلیف میں ہیں…… اور یہ والا اسٹیج کچھ عرصہ رہتا ہے۔ تھراپی لینا ضروری ہے ’’نارساسسٹک ابیوز‘‘ سے گزرنے کے بعد۔ پھر رنج (Grief) کا اسٹیج آتا ہے، جو سب سے زیادہ تکلیف دِہ ہوتا ہے۔ کیوں کہ آپ نے سب کھو دیا، اپنا قیمتی وقت، انرجی، جذبات، احساسات، پیسا اور ساتھ میں اس نارساسسٹ کو بھی جس سے آپ بے پناہ محبت کرتے تھے، وہ آپ کو سپلائی سمجھتا تھا، لیکن آپ نے اس سے حقیقی محبت کی۔ شفایابی کا یہ سفر تکلیف دِہ اور طویل ہوتا ہے، لیکن آپ ایک مضبوط انسان کی حیثیت سے اس دنیا میں چلنا سیکھ لیتے ہیں۔ آپ کو اپنی شفایابی کی ذمے داری خود لینی ہوگی۔ نارساسسٹ نے جو کرنا تھا، وہ کرکے چلا گیا۔
لیکن وہ کون سے لوگ ہوتے ہیں جو نارساسسٹ یا ٹاکسک لوگوں کا شکار بن جاتے ہیں؟ ہم نے نارک پر تو بہت باتیں کرلیں، لیکن اگلی تحریر میں ہم اپنی حرکتوں اور اپنی اداؤں پر غور کریں گے کہ آخر وہ کیا ہے جو ہمیں کسی نارساسسٹ کی جانب کشش محسوس کرواتا ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔