غزوۂ بدر 17 رمضان المبارک 02 ہجری اسلامی تاریخ کا وہ عظیم اور تاریخ ساز دن ہے، جب اسلام و کفر اورحق و باطل کے درمیان پہلی معرکہ آرائی ہوئی۔ حق وباطل کے درمیان فرق کھل کر سامنے آیا…… اور اللہ تعالا نے اپنی نصرت کے ذریعے مسلمانوں کو فتحِ مبین سے نوازا۔ اُس روز مسلمانوں نے ثابت کردیا کہ اگر ایمانی کیفیت اور اللہ پر پختہ یقین ہو، تو جنگیں اسلحوں، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت سے نہیں، بلکہ ایمان اور کامل یقین سے جیتی جاسکتی ہیں۔
رانا اعجاز حسین چوہان کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/rana/
ہجرت کے دوسرے سال جب کفار کے ایک ہزار کے لشکر کے سامنے خاتم النبیین محمد صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم اپنے 313 وفادار سرفروشوں کو لے کر میدانِ بدر میں کھڑے ہوگئے۔ بے سروسامانی کے عالم میں دینِ اسلام کے سرفروش وقت کی سپر طاقت سے جا ٹکرائے اور اپنے ایمانی جذبے کے ذریعے کفار کو شکست فاش دے کر قیامت تک کے لیے دین کا پرچم بلند کردیا۔ یوں بدر کی فتح نے مدینے کی اسلامی ریاست کو استحکام بخشا۔ رسول اللہ جو خود اس معرکے کی قیادت کر رہے تھے، نے اپنے تمام ساتھیوں کو میدانِ جنگ میں جمع کیا اور اللہ سے دعا اور رجوع کرتے ہوئے کہا کہ ’’اے میرے مالک! مَیں نے تیرے دین کی خاطر تیرے ان کم زور بندوں کو جمع اور تیارکیا ہے۔ یہ بظاہر بہت کم زواور ر لاغر ہیں، لیکن تیرے دین پر مٹ مٹنے والے اور اپنی جان و مال اور اسباب لٹانے والے ہیں۔ اے میرے ربّ! تو کم زوروں کو قوی کردیتا ہے۔ آج یہ تیرے بندے تیرے دین کو بچانے آئے ہیں، تو انھیں کام یابی عطا فرما۔ اگر یہ شکست کھاگئے، تو قیامت تک تیرے دین پر کام کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔‘‘
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و لسلم کی یہ دعا ربّ کے حضور مقبول ہوئی، پھر چشمِ فلک نے دیکھا کہ اللہ کے فرشتے میدانِ بدر میں اُترے اور کفار کو عبرت ناک شکست ہوئی۔ کفر اور اسلام کی اس پہلی لڑائی اور جنگ نے مسلمانوں کو عظیم الشان فتح سے نواز۔ قرآن میں اس کا ذکر ’’یومِ فرقان‘‘ کے نام سے آیا ہے۔ اس جنگ میں کفار کے پاؤں اُکھڑ گئے اور اُن کا بڑا جانی مالی نقصان ہوا۔
اس کی مثال غزوہ بدر کا ایک بے نظیر واقعہ ہے۔ ایک طرف طاقت اور قوت کا پہاڑ ابو جہل تھا، جس نے اپنے آپ کو زرّہ بکترمیں چھپا رکھا تھا۔ اس کی صرف دو آنکھیں نظر آتی تھیں۔ دوسری طرف عفرا کے دو کم عمر بیٹے معوذ اور معاذ تھے، جن کی ابھی مسیں بھی نہیں بھیگی تھیں۔ ابوجہل کے سامنے اُن کی حیثیت بالکل ایسی تھی جیسے ہاتھی کے سامنے چیونٹی…… مگر اُن دو کم عمر مجاہدین نے ابو جہل کی دونوں آنکھوں پر تاک کر ایسا نشانہ مارا کہ وہ خاک و خون میں تڑپنے لگا۔ اس طرح دینِ اسلام کا سب سے بڑا دشمن ابوجہل دو معصوم بچوں معاذ اور معوذ کے ہاتھوں مارا گیا۔
معرکۂ بدر رہتی دنیا تک مسلمانوں کے لیے ایک سبقِ ہدایت اور رہنمائی کا راستہ ہے۔ معرکۂ بدر نے دنیا پر ثابت کیا کہ جنگوں میں اسلحہ طاقت اور جنگی قوتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، بلکہ جنگوں میں ایمانی قوت کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ پختہ ایمان اور کامل یقین ایک ایسی قوت اور ایسا اسلحہ ہے کہ کوئی بارود اور ایٹم بم بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ نہ اس کے سامنے ٹھہرہی سکتا ہے۔
غور کیجیے، تو معلوم ہوگا کہ ثابت قدمی کا انحصار حوصلے پر ہے۔ حوصلے کا دارومدار طاقت پرہے اور قوت ایمانی وہ ملکوتی طاقت ہے، جو جسم میں بجلی بھر دیتی ہے، حوصلہ بڑھاتی ہے۔ جس میدا نِ جنگ میں مردِ مجاہد دشمن کے سامنے ڈٹ جاتاہے، تو پھر ایک ایک مجاہد بیس بیس کافروں پر بھاری ہوتا ہے۔ بے شک اللہ ربّ العالمین ایک مچھر کے ذریعے فرعون کو ہلاک کردیتا ہے۔
آج کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، عراق، بھارت، برما میں مسلمانوں پر بدترین ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔ مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ مسلمان آج دنیا بھر میں ذلیل ورسوا صرف اس وجہ سے ہورہے ہیں کہ انھوں نے اپنے ربّ سے تعلق کو ختم کر دیا ہے۔ قرآن جو ہدایت اور رہنمائی کی کتاب ہے اور ہر دور میں اس کتاب سے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس نسخۂ کیمیا کو ہم نے اپنی اوطاقوں میں سجا کر رکھا ہوا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان آج وہی جوش و جذبہ اور ولولہ پیدا کریں جو میدانِ بدر میں تھا، تو باطل کی تمام قوتیں آج مسلمانوں کے سامنے سرنگوں ہوجائیں گی اور دنیا کی کوئی طاقت اور قوت انھیں شکست فاش نہیں دے سکے گی۔ دنیا کی تمام ایٹمی قوت، اسلحہ، جنگی سازوسامان لاؤ لشکر، میزائل ٹیکنالوجی اور وائرس ہتھیار سے لیس ہے۔ دنیا میں آج جنگ لڑنے کے قاعدے قواعد بھی تبدیل ہوچکے ہیں۔ طاقت کی اس دوڑ اور کھیل نے ہمیں خود ہی اپنا دشمن بنا دیا ہے۔ دنیا کو امن، اسلحہ اور گولہ بارود سے نہیں بلکہ اسلام کے عادلانہ نظام سے ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ امت کے حکم راں آج اپنے ایمانی جذبات کی ترجمانی کریں اور ظلم اور طاغوت کے نظام کے خلاف کھڑے ہوجائیں تو اللہ تعالیٰ کی نصرت و مدد آج بھی نازل ہوسکتی ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔