سوات، تور گُل کے ہاتھوں کئیوں کی نیندیں حرام

(خصوصی رپورٹ) سوشل میڈیا پر ’’تور گل‘‘ نامی آئی ڈی نے سوات کے سابق وزرا اور اراکینِ اسمبلی کا جینا حرام کردیا۔
فیاض ظفر کی دیگر تحاریر کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/fayaz-zafar/
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’فیس بُک‘‘ (facebook) پر تور گل نامی آئی ڈی سے روزانہ کی بنیاد پر سوات کے سابق وزرا اور اراکینِ اسمبلی کے کرپشن بارے تفصیل اور ثبوت کے ساتھ پوسٹیں تواتر سے شیئر کی جارہی ہیں۔ مذکورہ آئی ڈی کو چند دنوں میں 18 ہزار لوگوں نے فالو کیا ہے اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
’’تور گل‘‘ سابق وزیر اعلا، سوات سے تعلق رکھنے والے وزرا اور اراکینِ اسمبلی کے اُن رشتہ داروں جن کو پچھلی حکومت میں اعلا سرکاری عہدوں پر بھرتی کیا گیا ہے کے نام شیئر کرتا ہے۔ ساتھ ہی وہ سابق اراکینِ اسمبلی کی کرپشن بارے بھی پوسٹیں شیئر کرتا ہے۔ دوسری طرف اس کے فالورز کمنٹس میں پوسٹ سے متعلق مزید تفصیلات بھی دیتے ہیں۔
سوات کے کچھ سابق اراکینِ اسمبلی نے ’’تور گل‘‘ آئی ڈی کے بارے میں معلوم کرنا چاہا۔ جیسے ہی ’’تور گل‘‘ آئی ڈی چلانے والے کو معلوم ہوا، تو اُس نے اپنی آئی ڈی پر ایک پوسٹ شیئر کی کہ ’’تور گل تک پہنچنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔‘‘
’’تور گل‘‘ کے بارے میں عام لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تحریکِ انصاف کے سابق اراکینِ اسمبلی کا قریبی ساتھی رہا ہے، جس کی وجہ سے اس کو اندر کے معاملات کا علم ہے۔
تحریکِ انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر اور مینگورہ سے سابق رکنِ اسمبلی فضل حکیم خان یوسف زئی نے ’’تور گل‘‘ کے انکشافات کے بعد اپنی ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کوئی مجھ پر کرپشن ثابت نہیں کرسکتا کہ مَیں نے قومی خزانے کو کچھ نقصان پہنچایا ہو۔ تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جہاں مَیں نے سڑکیں تعمیر کی ہیں، وہاں کے لوگوں نے مجھے مفت زمینیں دی ہیں۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے