(خصوصی رپورٹ) سوات میں مختلف حادثات و واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور درجنوں کی تعداد میں زخمی ہوگئے۔ پولیس اور ریسکیو کے مطابق کوکارئی میں فریقین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک فریق سے سید علی جاں بحق اور دوسرے سے ثناء اللہ زخمی ہوگئے۔
بحرین میں سیاحوں کی دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سید حسن کمال ساکن پشاور جاں بحق اور امجد زخمی ہوگئے۔
کبل کے علاقہ مانڑئی شاہ ڈھیرئی میں 11 سالہ رحمان، بھری پستول سے کھیل رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
برہ بانڈئی میں دو موٹر سائیکل سواروں میں تصادم کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار موسیٰ خان اور طارق خان جاں بحق ہوگئے۔
چیل، بشیگرام خوڑ میں نہاتے ہوئے بارہ سالہ بچہ رحمان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
فتح پور میں رکشہ اور موٹر کار میں تصادم کے نتیجے میں مسماۃ (ز) جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
کالام کے ایک ہوٹل میں گیس بھر جانے سے ہوٹل سٹاف کے چار اہل کار دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ عید کی چھٹیوں کے دوران میں ٹریفک حادثات میں 53 افراد زخمی ہوئے۔