بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 31 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں سوات کی سات تحصیلوں میں سٹی کونسل بابوزئی کے میئر، 6 تحصیل کونسلوں میں چیئرمینوں اور 214 نیبر ہوڈ اور ویلج کونسلوں کے کونسلروں کا انتخاب ہوگا۔
ڈویژنل ہیڈ کواٹر تحصیل، سٹی کونسل بابوزئی (مینگورہ شہر و گرد و نواح) کے میئر کے انتخاب کے لیے 7 امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ سٹی کونسل بابوزئی میں جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے محمد امین، مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حبیب علی شاہ، اے این پی سے سابق ناظم یونین کونسل نثار خان، جے یو آئی سے سابق امیدوار قومی اسمبلی مولانا حجت اللہ، تحریکِ انصاف کے سابق ناظم یونین کونسل شاہد علی، آزاد امیدوار اور سابق ناظم یونین کونسل ڈاکٹر خالد محمود اور آزاد امیدوار محمد افضل خان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سٹی کونسل بابوزئی میں 49 نیبر ہوڈ اور ویلج کونسل میں کونسلروں کا انتخاب بھی ہوگا۔
سٹی کونسل بابوزئی ضلع سوات کی سب سے بڑی تحصیل ہے جس میں رجسٹرڈ وٹوں کی تعداد 342329 ہے جن میں 189783 مرد اور 152546 خواتین ہیں۔
اس سٹی کونسل میں کل 260 پولنگ سٹیشن اور 697 پولنگ بوتھ ہیں جس کے لیے الیکشن کمیشن نے 3048 عملہ متعین کیا ہے۔ سٹی کونسل بابوزئی میں 49 نیبر ہوڈ اور ویلج کونسلوں میں جنرل کونسلر کی نشست کے لیے 418، خواتین کونسلر کی نشست کے لیے 61، مزدور کسان کونسلر کی نشست کے لیے 188، یوتھ کونسلر کی نشست کے لیے 163 اور صرف 8 کونسلوں میں اقلیتی کونسلر کی نشست کے لیے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔
