نارویجن حکومت کے ایک خصوصی طیارے میں طالبان کا ایک اعلا سطحی وفد ہنستا کھیلتا اوسلو ائیرپورٹ اترتا ہے۔ یہ منظر بہت دل چسپ اور دیکھنے کے لایق تھا۔ کیوں کہ کچھ عرصہ پہلے انہی طالبان کو دنیا منھ لگانے کو تیار نہ تھی۔ دارالحکومت اوسلو کے نواح میں ایک ہوٹل میں طالبان وفد کی موجودگی پر نارویجن ہی نہیں بلکہ یورپین پریس نے بھی سخت نکتہ چینی کی۔ حتیٰ کہ اس دورے کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔
ناروے کے وزیرِ اعظم ’’جوناس گہر سٹوئر‘‘ نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کے موضوع پر طالبان وفد کی افغان سول سوسایٹی کے رہنماؤں اور مغربی سفارت کاروں کے ساتھ مذاکرات سنجیدہ اور ضروری تھے۔ اطلاعات کے مطابق بند کمرے میں طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرت کا مرکزی موضوع افغان خواتین کے لیے تعلیم، موجودہ حکومت میں دیگر سیاسی گروہوں کی شمولیت سمیت کئی ایک ایسے موضوعات تھے جو عمومی طور پر مغربی پریس کا پسندیدہ موضوع ہیں…… لیکن براہِ راست طالبان کے ساتھ کوئی بھی ان موضوعات پر بات نہیں کرتا تھا۔ نارویجن سرزمین پر سرکاری میزبانی سے لطف اندوز ہونے والے طالبان وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کی۔
طالبان وفد کے ارکان نے دورے کے پہلے روز افغان سول سوسایٹی کے ارکان سے ملاقات کی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اگلے دو دن انہوں نے امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ، فرانس اور اٹلی کے سفارت کاروں کے ساتھ کثیر الجہتی موضوعات پر گفتگو کی۔ اگرچہ ان ملاقاتوں کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے مترادف نہیں قرار دیا جاسکتا…… لیکن یہ اس جانب ایک قدم ضرور ہے۔
طالبان کو بھی موقع ملا کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ براہِ راست بات چیت کریں۔ فریقین ایک دوسرے کے نقطۂ نظر سے آگاہ ہوں۔
طالبان وفد نے امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی، یورپی یونین اور ناروے کے سفیروں سے ملاقات کے بعد کہا کہ ناروے نے ہمیں دنیا کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کا موقع دیا۔
طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے جو خوشی سے نہال ہو رہے تھے۔ میڈیا کو بتایا کہ ان کا دورہ بہت کامیاب رہا۔
مغربی دنیا کے ساتھ ان کا یہ براہِ راست پہلا منظم مکالمہ تھا۔ متقی کو توقع ہے کہ اس رابطے سے افغانوں کے لیے تعلیم، صحت اور معاشی امداد کی بحالی کی راہ ہم وار ہوگی۔
یاد رہے کہ عالمی برادری نے طالبان کے کابل پر قبضے کے فوری بعد تمام تر امدادی سرگرمیاں بند کردی تھیں۔ یورپی یونین کے سفیر کو اس ملاقات سے امید لگی کہ موسمِ سرما گزرنے کے بعد طالبان طالبات کے لیے تعلیمی ادارے کھول دیں گے۔
مغرب کو ایک عجیب مخمصے کا سامنا ہے۔ وہ طالبان کے ساتھ رابطہ رکھنا چاہتا ہے، کیوں کہ وہ افغانستان کی ایک زندہ حقیقت ہیں…… لیکن ساتھ ساتھ اسے طالبان کے ’’فکری‘‘ یا ’’نظریاتی پالیسیوں‘‘ سے سخت اختلاف ہے۔ وہ اس خدشہ کو حقیقت کا روپ اختیار کرتا دیکھ رہے ہیں کہ اگر افغانستان کی امداد بحال نہ کی گئی، تو لاکھوں لوگ خوراک اور ادویہ کی کمی کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی برادری کو مسلسل متوجہ کررہے ہیں کہ وہ افغانستان کے لیے 4.4 ارب ڈالر امداد فراہم کریں۔
جان لیوا موسمِ سرما سے افغانوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے بے شمار بین الاقوامی ادارے عالمی برادری سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ افغانوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کرے۔ عام افغان شہریوں کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر سزا نہ دی جائے۔
دوسری جانب عالمی برادری کے سامنے طالبان ہنگامی مالی امداد خاص طور پر خوراک اور ادویہ کے لیے مسلسل دستِ تعاون داز کررہے ہیں…… لیکن وہ مغرب کی طرف سے سامنے آنے مطالبات مثلاً خواتین کے حقوق اور کثیر الجماعتی حکومت کے قیام پر سنجیدہ نہیں۔
ناروے اگرچہ کوئی بڑا یا عسکری طور پر طاقت ور ملک نہیں…… لیکن کئی دہائیوں سے اس کی لیڈر شپ عالمی معاملات بالخصوص تنازعات کے حل میں قایدانہ کردار ادا کرتی آئی ہے۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین مذاکرات کا ڈول انہوں نے ہی ڈالا تھا۔
اوسلو معاہدہ ناروے کی کوششوں سے ہوا۔ سری لنکن تامل جنگجوؤں اور حکومت کے مابین بھی کسی عشروں تک مسلح تنازعہ چلتا رہا۔ ناروے وہاں بھی امن بحال کرانے، فریقین کے درمیان اعتماد کی بحالی اور معاہدہ کرانے کے لیے سرگرم رہا۔ اب افغانستان میں ان کی دلچسپی دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ناروے کے کوئی لمبے چھوڑے سیاسی یا عالمی عزایم نہیں۔ وہ امن سے محبت کرنے والا ملک ہے…… اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے اس نے کئی ایک ادارے بھی بنائے ہیں۔ چوں کہ ناروے ایک امیر ملک ہے، اس لیے وہ آسانی کے ساتھ اس طرح کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے وسایل بھی خرچ کرنے کے قابل ہے۔
ناروے ہی کی طرح قطر نے بھی امن اور علاقائی استحکام کے لیے کام کرکے دنیا میں بڑا نام کمایا ہے۔ امریکہ کے ساتھ طالبان کے مذاکرات کرانے میں اس کے کلیدی کردار کو دنیا نے سراہا۔ اب بھی قطر افغانستان کے حوالے سے سب سے زیادہ سرگرم ہے…… لیکن وہ اپنی کوششوں اور کامیابیوں کا زیادہ چرچا نہیں کرتا۔ ناروے اور قطر جیسے ممالک کا آج کی دنیا میں دم غنیمت ہے۔ کیوں کہ بڑی طاقتیں عمومی طور پر جنگ و جدل یا پھر ہار اور جیت کے پیرائے میں گفتگو کرتی ہیں۔ دنیا میں ایسے ممالک اور تنظیموں کی اشد ضرورت ہے جو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تنازعات کے حل میں مدد کریں۔ بدقسمتی سے مغربی ممالک جو انسانی حقوق کے بہت بڑے علم بردار ہیں۔ جب ان کے معاشی مفادات کا اصولی موقف کے ساتھ ٹکراؤ ہوتا ہے، تو وہ اندھے، گونگے اور بہرے بن جاتے ہیں۔ بقولِ وزیرِ اعظم عمران خان کے وہ مقبوضہ کشمیر کا ذکر گول کر جاتے ہیں۔ اسی طرح افغانستان میں خواتین کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے ان کی فکر مندی قابلِ تحسین ہے…… لیکن بھارت اور مشرق وسطیٰ کے کئی ایک ممالک میں خواتین کے ساتھ سرکار کے سلوک پر ان کی زبانیں گنگ ہوجاتی ہیں۔
طالبان کے ساتھ ناروے نے مذاکرات کی ایک کھڑکی کھولی ہے۔ امید ہے کہ طالبان اس موقع کو ضایع نہیں کریں گے…… اور مکالمے کے ذریعے سفارتی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ یہ کامیابیاں محض زبانی جمع خرچ سے نہیں…… بلکہ ٹھوس عملی اقدامات سے ہی حاصل ہوسکتی ہیں۔
…………………………………..
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔