شوکت صدیقی، دبستانِ لکھنؤ سے عوامی اُردو تک

تحریر: قیصر نذیر خاورؔ
شوکت صدیقی 20 مارچ 1923ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا…… جب ’’آل انڈیا کانگریس‘‘ بن چکی تھی اور ربع صدی سے زیادہ عرصے سے برصغیر پاک و ہند میں کام کر رہی تھی۔ ’’آل انڈیا مسلم لیگ‘‘ بھی بن چکی تھی…… وہ بھی لگ بھگ 17 سال سے سیاسی کام میں مشغول تھی۔ ’’رولٹ ایکٹ‘‘ آ چکا تھا۔ جلیانوالہ والا باغ کا خونیں واقع ہوچکا تھا۔ پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد انگریز قدرے کم زور پڑ چکے تھے…… اور برصغیر میں آزادی کی لہر آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی تھی۔
دوسری طرف روس میں سوشلسٹ انقلاب آچکا تھا اور اس کے اثرات بھی ہندوستانی سیاست پر پڑنا شروع ہوچکے تھے۔ یہ کہنا بھی درست ہوگا کہ سیاست، معیشت اور علم و فن کی دنیا میں انقلاب آ رہا تھا…… جہاں جہاں نوآبادیاتی نظام تھا…… وہاں آزادی کی تحریکیں یا تو زور پکڑرہی تھیں…… یا شروع ہو رہی تھیں۔ زندگی کا قدیم ڈھانچا ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا۔
شوکت صدیقی کی شخصیت کی نشوونما میں ایک طرف تو بین الاقوامی حالات میں تبدیلی، برصغیر کی اصلاحی و سیاسی اور انقلابی تحریکوں کا ہاتھ نظر آتا ہے…… تو دوسری طرف لکھنؤ کے ادبی اور علمی ماحول کا اثر بھی دکھائی دیتا ہے۔
’’ترقی پسند تحریک‘‘ میں شامل ہونے تک وہ نہ صرف اُردو کی قدیم داستانوں کا مطالعہ کرچکا تھا…… بلکہ ہم عصر ادب پڑھ کر انگریزی کے علاوہ روسی، فرانسیسی اور بنگالی ادب سے بھی استفادہ کرچکا تھا۔
شوکت صدیقی نے ایک مختصر مدت کے لیے (جنوری 1942ء تا نومبر 1943ء) فوج میں بطورِ سکینڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے آرمی کے ’’سگنل کور‘‘ میں ملازمت بھی کی۔ یہ وہ وقت تھا…… جب برصغیر ہند کے ’’ترقی پسند‘‘ روس کی اس یورپی جنگ میں شمولیت کے بعد سے، اسے قومی جنگ قرار دے چکے تھے…… اور ہندوستانی فوج میں بھرتی کے دروازے ان پر کھل گئے تھے۔ اس نے دوسری ملازمت بطورِ لیبر ویلفیئر آفیسر کی۔ اس ملازمت کے دوران میں اسے بھوپال میں جنگی قیدیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ اس تجربے کے نتیجے میں اس کا افسانہ ’’مردہ گھر‘‘ سامنے آیا جو اس کے افسانوں کے مجموعے ’’اندھیرا اور اندھیرا‘‘ میں شامل ہے۔ یہ ملازمت بھی چند ماہ رہی۔
شوکت صدیقی والدین کے اصرار پر ملازمت ترک کرکے لکھنؤ واپس آگیا اور بڑے بھائی کے ساتھ کاروبار میں ہاتھ بٹانے لگا۔ ’’مردہ گھر‘‘ سے بہت پہلے اس کی افسانہ نگاری کا آغاز 1940ء میں ہوچکا تھا…… اور اس کے افسانے مختلف ادبی رسایل میں شایع ہوتے رہے تھے۔ اس کا پہلا افسانہ ’’کون کسی کا‘‘ 1940ء میں ہفت روزہ خیام لاہور میں شایع ہوا تھا…… جس کے بعد اس کے افسانے اور کہانیاں تواتر سے ’’خیام‘‘، ’’عالمگیر‘‘ اور ’’شاعر‘‘ آگرہ میں شایع ہوتی رہیں۔ اُس کے اِس دور کے افسانے ’’رومانی تحریک‘‘ کا اثر رکھتے ہیں…… یا پھر جنگِ عظیم دوم کے پس منظر میں رومانی و معاشرتی موضوعات پر لکھے گئے ہیں۔
شوکت صدیقی انجمنِ ترقی پسند مصنفین کی ادبی نشستوں میں باقاعدگی سے شریک ہوتا اور اپنی کہانیاں تنقید کے لیے پیش کرتا۔ اس کے افسانے ’’مہکتی وادیوں‘‘ میں اور ’’غمِ دل اگر نہ ہوتا‘‘ کو انجمن کی نشستوں میں خاصا سراہا گیا۔
شوکت صدیقی نے ڈاکٹر عبدالعلیم اور سید احتشام حسین کی قربت کی وجہ سے ’’مارکسی نظریے‘‘ کا مطالعہ کیا۔ یوں افراد، سماج اور سماجی عوامل کو دیکھنے، پرکھنے اور اسے کہانیوں میں پیش کرنے کا ڈھنگ بدل گیا۔ اس کی کہانیوں کے کردار جو پہلے بھی حقیقی ہی تھے…… اب افراد کی بجائے ’’ٹایپ‘‘ میں بدل گئے۔ مارکسی نظریہ اپنانے کے بعد شوکت صدیقی نے خود کو ذہنی طور پر محنت کش طبقے سے قریب کیا۔
برصغیر کی تقسیم سے پہلے شوکت صدیقی افسانوں کے علاوہ ڈرامے بھی تحریر کرتا رہا…… اور کچھ ریڈیائی ڈرامے پاکستان آنے کے بعد بھی تحریر کیے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ شوکت صدیقی نے بٹوارے کے وقت جو قتل و غارت اور انسانی قدروں کی پامالی ہوئی، اس پر بہت کم لکھا ہے…… لیکن جب 1950ء میں وہ لکھنؤ چھوڑ کر پہلے لاہور اور پھر کراچی جا بستا ہے، تو اطمینان کی جمی جمائی زندگی کو چھوڑ کر پاکستان میں اسے بھی دیگر عام مہاجروں کی طرح مصایب اور آزمایشوں سے گزرنا پڑا۔ جب وہ اس تجربے سے گزر رہا تھا، تو اسے کچھ عرصہ ’’جیکب لاین‘‘ کے ایک ’’کوارٹر‘‘ میں بدقماش اور جرایم پیشہ لوگوں کے ساتھ رہنا پڑا ۔
شوکت صدیقی کا ’’جیکب لاین‘‘ کے اس کوارٹر میں گزارا وقت ان کے مشہور افسانے ’’تیسرا آدمی‘‘ میں صاف دکھائی دیتا ہے۔
کراچی آنے کے بعد شوکت صدیقی نے صحافت کو ذریعۂ معاش بنایا۔ 1952ء تا 1954ء وہ ’’پاکستان اسٹینڈرڈ‘‘ کا سب ایڈیٹر رہا۔ 1954ء تا 1960ء روزنامہ ’’ٹایمز آف کراچی‘‘، 1960ء تا 1963ء روزنامہ ’’مورننگ نیوز کراچی‘‘ میں بطورِسنیئر سب ایڈیٹر وابستہ رہا۔ 1963ء تا 1969ء بطورِ چیف ایڈیٹر اُردو روزنامہ ’’انجام‘‘ کے ساتھ کام کیا۔ 1969ء تا 1973ء ہفت روزہ ’’الفتح‘‘ کے نگرانِ اعلا کی حیثیت سے کام کیا۔ اخبار ’’مساوات‘‘ کا اجرا ہوا، تو وہ اس کا 1973ء تا 1976ء ایڈیٹر اور بعد میں چیف ایڈیٹر رہا۔ 1976ء میں ’’مساوات‘‘ سے استعفا دینے کے بعد 1980ء تک باقاعدہ کالم نگاری کرتا رہا۔
ضیا کی آمریت کے دور میں جب سنسر کچھ لکھنے نہ دیتا تھا، تو 1984ء میں شوکت صدیقی نے صحافت کو خیرباد کہہ دیا۔ ماضی میں جنوری 1959ء میں جب ’’رایٹر ز گلڈ‘‘ قایم ہوئی تھی، تو شوکت صدیقی اس سرکاری ادارے میں متحرک ہوا تھا…… اور کئی بار مجلسِ عاملہ کے رکن بھی منتخب ہوا…… لیکن جب 1973ء میں ’’مساوات‘‘ کی ایڈیٹر شپ سنبھالی، تووہ گلڈ سے علاحدہ ہوگیا تھا۔
9 مارچ 1976ء کو ’’انجمنِ ترقی پسند مصنفین‘‘ کی گولڈن جوبلی کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ اس میں ہندوستان کے ترقی پسند ادیب بھی شریک ہوئے۔
شوکت صدیقی ’’کنویسنگ کمیٹی‘‘ کا چیئرمین اور مجلسِ استقبالیہ کا صدر منتخب ہوا۔ اس میں پاکستان میں بولی جانے والی ’’ماں بولیوں‘‘ کے ادیبوں نے بھی شرکت کی۔
شوکت صدیقی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا: ’’ترقی پسند تحریک کسی اتفاقی واقعے یا حادثے کی پیداوار نہیں ہے۔ وہ انسانی تاریخ کے جدلیاتی عمل کے نتیجے میں ابھر کر سامنے آئی ہے۔ اس کا ایک روشن مستقبل ہے اور تاب ناک ماضی بھی، اسے ورثے میں روشن خیالی کی اعلا صحت مند روایات ملیں…… جس نے پاپائیت اور جاگیرداری کے خلاف مورچہ لگایا۔ جس نے نئے خیالات اور افکار سے لیس ہوکر فرسودہ اخلاقیات، کہنہ رسم و رواج، استحصالی سیاست، معیشت، ثقافت اور طرزِ حیات کو بدلنے کے لیے جد و جہد کی۔ آزادیِ عمل اور مساوات کا نعرہ لگایا……!‘‘
شوکت صدیقی تمام زندگی ’’ترقی پسند تحریک‘‘ سے پرامید رہا۔ اس کا کہنا تھا: ’’کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ تحریک ختم ہوگئی۔ کچھ اسے سیاسی تحر یک کہتے ہیں کہ یہ ایک نعرہ کے بل پر زندہ رہنے والی تحریک ہے۔ مَیں اس سے متفق نہیں ہوں۔ اسے کسی ایک زمانے تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ یہ معاشرے کی بہتری اورارتقا کا عمل ہے…… جو ہمیشہ جاری رہے گا۔‘‘
ترقی پسندی اور حقیقت نگاری کا رنگ لیے ہوئے شوکت صدیقی کے افسانوں کا دوسرا دور 1943ء سے شروع ہوتا ہے…… جب اس نے ’’ترقی پسند تحریک‘‘ میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔
شوکت صدیقی کے افسانوں کے پانچ مجموعے ہیں۔ ’’تیسرا آدمی‘‘ (گیارہ افسانے)، ’’اندھیرا اور اندھیرا‘‘ (نو افسانے)، ’’راتوں کا شہر‘‘ (گیارہ افسانے)، ’’رات کی آنکھیں‘‘، ’’کیمیا گر‘‘ ( چھے افسانے)
شوکت صدیقی نے جہاں افسانے لکھے…… وہاں ناول نگاری کو بھی خاص توجہ دی۔ اس کا پہلا ناول ’’خدا کی بستی‘‘ 1958ء میں پہلی بار ’’مکتبہ نیا راہی‘‘ کراچی نے شایع کیا۔ اسے 1960ء میں ’’آدم جی‘‘ انعام دیا گیا۔ اس ناول کا دنیا کی 25 سے زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔
انگریزی زبان میں ’’خدا کی بستی‘‘ کا ترجمہ ’’ڈیوڈ میتھوز‘‘ نے "God’s own Land” کے عنوان سے کیا…… اور ’’یونیسکو‘‘ کے تعاون سے چھپا۔ خدا کی بستی کے 2001ء تک 47 ایڈیشن شایع ہوچکے تھے۔ اس کی ڈرامائی تشکیل ’’پاکستان ٹی وی‘‘ سے دوبار ہوئی…… اوریہ اب تک سات بار نشر ہوچکی ہے۔
’’خدا کی بستی‘‘ آج بھی ’’پی ٹی وی‘‘ کی ایک مقبول ترین ’’سیریل‘‘ مانی جاتی ہے۔
’’جانگلوس‘‘ شوکت صدیقی کا دوسرا ضخیم ناول ہے۔ یہ تین جلدوں پر مشتمل ہے۔ پہلی دو جلدیں جون 1977ء سے ’’سب رنگ‘‘ ڈائجسٹ میں قسط وار چھپتی رہیں…… جب کہ جلدِ سوم کا کچھ حصہ (صفحہ 258 تا 329) ’’سب رنگ‘‘ ڈائجسٹ ہی میں چھپا تھا۔
’’جانگلوس‘‘ کی پہلی جلد 1987ء اور تیسری جلد 1994ء میں شایع ہوئی۔ اس ناول کے بھی کئی ایڈیشن اب تک چھپ چکے ہیں۔
ان کا ناول ’’کوکا بیلی‘‘ 1962ء میں ادارۂ ادبیات لاہور نے شایع کیا تھا۔ اس ناول میں شوکت صدیقی کی بچپن کی یادیں ہیں۔ اس میں لکھنؤ کے انحطاط پذیر جاگیردارانہ معاشرے کی گھٹن، عورتوں کی جہالت، فرسودہ عقاید اور رسوم کی تصویر کشی کی گئی ہے۔
شوکت صدیقی نے اس کا دوسرا ایڈیشن رُکوا دیا تھا۔ بعد میں اسے از سرِنو تحریر کیا…… اور چار دیواری کے نام سے ’’حجاب‘‘ ڈائجسٹ کراچی سے پہلے قسط وار شایع کیا…… اور پھر کتابی شکل میں 1990ء میں ’’رکتاب پبلی کیشنز کراچی‘‘ سے شایع کروایا۔
ناول ’’کمین گاہ‘‘ 1957ء میں ’’بک لینڈ لاہور‘‘ نے شایع کیا تھا…… لیکن شوکت صدیقی نے اسے بھی نامکمل سمجھتے ہوئے دوبارہ نہ چھپنے دیا۔ نظرِ ثانی کے بعد یہ دوبارہ 1997ء میں شایع ہوا ۔
ان کے علاوہ شوکت صدیقی کے کالموں کا مجموعہ ’’طبقاتی جد و جہد اور بنیاد پرستی‘‘ 1988ء میں ’’رکتاب پبلی کیشنز‘‘ نے کراچی سے شایع کیا۔ اس میں اُس کے وہ کالم شامل ہیں جو اس نے 1972ء سے 1978ء کے درمیان روزنامہ ’’مشرق‘‘ اور روزنامہ ’’مساوات‘‘ میں لکھے تھے۔ ان کالموں کو تین حصوں میں بانٹا جا سکتا ہے؛ ’’بھٹو دور کی اصلاحات پر لکھے گئے کالم‘‘، ’’بھٹو حکومت کے مخالفوں بارے لکھے کالم‘‘ اور ’’پاکستانی معاشرے میں رشوت ستانی، استحصال، نوکر شاہی اور نظامِ تعلیم کی خرابیوں پر لکھے کالم‘‘۔
شوکت صدیقی نے کئی کتابوں کے دیباچے بھی تحریر کیے…… جن کی تعداد 10 سے یقینا زیادہ ہے۔ تین کتابوں کے ’’فلیپ‘‘ پر رائے کا اظہار بھی کیا۔ یہ تینوں ’’نعیم آروی‘‘، ’’احمد زین الدین‘‘ اور ’’خلیل اللہ شبلی‘‘ کے افسانوی مجموعے تھے۔ اس کے لکھے ’’دیباچے‘‘ اور ’’فلیپ‘‘ پر اظہار رائے اپنی جگہ ادبی اہمیت رکھتے ہیں ۔
شوکت صدیقی کی تحریروں کا حقیقت نگاری کے حوالے سے جایزہ لیا جائے، تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ اس کے افسانوی ادب میں ان کی حقیقت نگاری مجموعی زندگی کا احاطہ تو کرتی ہی ہے…… ساتھ ہی اس کا ترقی پسند تصورِ حیات اور سماجی نقطۂ نظر بھی بہت واضع طور پر نظر آتا ہے۔
شوکت صدیقی کی تحریروں میں اس کا ’’طبقاتی شعور‘‘ اور ’’انسان دوستی‘‘ پوری طرح منعکس ہوتی ہے۔ خدا کی بستی اس کی ایک واضع مثال ہے ۔
بعض اوقات شوکت صدیقی کی حقیقت نگاری اتنی سفاک ہوجاتی ہے کہ ماحول کی ناسازگاری اور انسان کی بدبختی ایک دوسرے میں ڈھل جاتے ہیں۔ جانگلوس اس کی مثال ہے۔ جانگلوس میں اندوہ ناک انجام واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ شوکت صدیقی ظالمانہ نظام کے خلاف قاری کو اس حد تک ہلا دیتا ہے کہ اس کے دل میں سوائے نفرت اور احتجاج کے جذبے کے اور کچھ بھی نہیں باقی بچتا۔ جانگلوس ناول بھی ہے اور سرشار کے ’’فسانہ آزاد‘‘ کی طرح داستان بھی۔ اس ناول میں انہوں نے جرائم کو ان کے صحیح تناظر میں پیش کیا ہے اور ساتھ ہی ان عوامل کی بھی نشان دہی کی ہے جو جرایم کو پھیلانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ شوکت صدیقی کا کہنا ہے: ’’جرم کو مَیں نے اس مفہوم میں نہیں دیکھا جیسا کہ عام طور پر دیکھا جاتا ہے۔ میرا فلسفۂ حیات یہ ہے کہ جرم اور چوری بنیادی طور پر محنت کی چوری ہے۔ چوری کرنے والا کسی کی جائیداد چوری کرے گا یا کسی کا سامان لے جائے گا، تو وہ چیز اس کی محنت کی تبدیل شدہ شکل ہے۔ کسی کے حق پر ڈاکا ڈالنا بھی چوری ہوتا ہے۔‘‘
شوکت صدیقی ایک اور جگہ کہتا ہے: ’’ہمارے چاروں طرف زندگی ہی زندگی ہے۔ ایک حساس ادیب ان کا مشاہدہ کرتا ہے۔ ان حقیقتوں کو اپنے دامن میں سمیٹ لیتا ہے اور وہی حقیقتیں بعد میں فن اور تخلیق کا روپ دھار کر ادب کے سانچوں میں ڈھل جاتی ہیں۔ میرے نزدیک یہی حقیقت نگاری ہے۔ ‘‘
اس کے افسانے ’’تیسرا آدمی‘‘، ’’ڈھپالی‘‘ ، ’’مہکتی وادیوں میں‘‘، ’’تانیتا‘‘، ’’کیمیا گر‘‘ سماجی زندگی کے متعدد پہلوں کا صرف اظہار ہی نہیں کرتے، بلکہ یہ آپ کے ذہن میں ان کے ذریعے ہونے والے استحصال، سماجی نابرابری، جبر اور مظلومی و محروی کے نقش بھی قایم کرتے ہیں۔ حقیقت نگاری کی جو نئی جہت شوکت صدیقی کے ہاں نظر آتی ہے، وہ ایک طرف پریم چند اور ترقی پسند تحریک کی حقیقت نگاری کی پاس داری کرتی ہے، تو دوسری طرف آج کے دور کی زندگی اور سماجی تصورات سے جڑی ہوئی ہے۔
شوکت صدیقی کے افسانوی ادب میں کرداروں کی تشکیل جامد نہیں۔ ان کے تمام کردار متحرک اور مکمل کردار ہیں۔ ناول کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ناول کے کردار گوشت پوست کے انسانوں کی طرح زندہ اور متحرک ہونے چاہئیں۔ جس طرح انسان ارتقا کرتا ہے…… ناول کے کرداروں کو بھی اسی انداز میں ارتقا کرنا چاہیے۔ اس زاویے سے دیکھا جائے، تو شوکت صدیقی کے تمام افسانوی کردار اپنے طبقے کی تمام تر خوبیوں اور خامیوں کے ساتھ جیتے جاگتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے تمام کردار کسی نہ کسی طرح معاشرے کا آئینہ قاری کو دِکھاتے ہیں۔
شوکت صدیقی کے افسانوی ادب میں کرداروں کی بھرمار نظر آتی ہے لیکن کرداروں کی یہ بہتات بے معنی نہیں، یہ بہت مہارت سے پلاٹ میں اپنی اپنی جگہ جمائے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شوکت صدیقی کے تمام کردار عوام میں انتہائی مقبول ہیں۔ خداکی بستی کا ’’ڈاکٹر موٹو‘‘، ’’نوشا‘‘، ’’سلطانہ‘‘، ’’راجہ‘‘، ’’نوشا کی ماں‘‘ اور ’’نیاز‘‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔ اسی طرح ’’لالی‘‘ اور ’’رحیم دار‘‘ کے کردار بھی مقبولِ عام ہیں۔
شوکت صدیقی کے تخلیق کردہ تمام کردار پاکستان کے مستقل شہری دکھائی دیتے ہیں اور وہ آج بھی پرانے نہیں ہوئے۔ شوکت صدیقی کے ناولوں کی طرح اس کے افسانوں کے کردار بھی اپنی اپنی دنیا کے باسی ہیں۔ اپنے طور پر زندہ رہتے ہیں۔ اپنے طبقے کی سوچ کا اظہار کرتے ہیں اور اسی طرح مرتے ہیں جیسے انسان زندگی گزار کر موت کا راہی ہو جاتا ہے۔
شوکت صدیقی کے افسانوی ادب میں حقایق کی سماجی بنیادیں بہت مضبوط ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ زندگی کے بارے میں اس کا معروضی نقطۂ نظر ہے جو سماجی حالات کو اپنی گرفت میں لے کر قلم اٹھاتا ہے۔ وہ بہت گہرائی سے حقایق کی سماجی بنیادوں کی کھوج کرتے ہوئے خانقاہوں اور روحانیت کے مرکزوں تک جا پہنچتا ہے، جو اصل میں جرایم کے اڈوں کا کام کرتی ہیں۔ قانون کے محافظوں کے اشتراک سے ان جگہوں پر جو دھندے چلتے ہیں اور ’’اللہ ہو‘‘ کے کلمے کے تلے جو برائیاں پلتی ہیں، شوکت صدیقی ان کا پردہ بہت سفاکی سے چاک کرتا ہے اور معاشرے کے کھوکھلے پن کو بغیر کسی لگی پلٹی کے قاری کے سامنے رکھ دیتا ہے۔
شوکت صدیقی کے افسانوی ادب کو پڑھ کر احساس ہوتا ہے کہ وہ لکھنؤ کے دبستان سے تعلق رکھتے ہوئے بھی اس کا حصہ نہیں۔ اس کے افسانوی ادب میں زبان نے بھی ارتقا کیا ہے۔ خدا کی بستی کی زبان سہل اُردو ہے۔ جانگلوس کی زبان میں تو پاکستان میں بولی اور سمجھی جانے والی بہت سی زبانوں کے الفاظ اور محاورے آ گئے ہیں جن کا استعمال اُردو دانوں کے لیے گناہِ کبیرہ ہے۔ اُردو دان بھلا کہاں اُردو میں ایسے الفاظ اور محاوروں کو گھسنے دیں؛ پوستی نہ بن اُٹھ، اُٹھا پھواڑا ، سردی تو دیر میں پڑتا ہے آج کل ، وہ تو وہاں برف گرتی ہے ، تو میری گالہہ کا مطبل نہیں سمجھ سکا ، سیئں سدا جیوے، سکھی صحت ہووے، رب راضی ہووے، محنت کی ہے اس کی چگائی لوں گی، کھیرات نہیں لیتی ۔
جانگلوس کی تینوں جلدوں کا اگر بہ غور مطالعہ کیا جائے، تو سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو کے بے شمار الفاظ شوکت صدیقی نے اس ناول میں استعمال کیے ہیں۔ یوں اُردو کو اتنا عوامی کر دیا ہے کہ جب جانگلوس سب رنگ ڈائجسٹ میں قسط وار چھپتا تھا، تو عام لوگ نئے شمارے کے آنے کا انتظار کرتے تھے۔ جانگلوس کی وجہ سے سب رنگ ڈائجسٹ کی سرکولیشن ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ تک جا پہنچی تھی۔
ہمارے ہاں اُردو دانوں کا المیہ یہ رہا ہے کہ وہ ابھی تک خود کو اردوئے معلی سے باہر نکال نہیں پائے۔ شوکت صدیقی نے اُردو داں ہوتے ہوئے یہ بیڑی کاٹی اور اُردو زبان کو پاکستان کے تمام خطوں میں بولی جانے والی زبانوں کے نزدیک کر دیا۔ جن دنوں جانگلوس سب رنگ ڈائجسٹ میں قسط وار چھپ رہا تھا، ان دنوں مجھے پاکستان کے مختلف حصوں میں جانا پڑتا تھا کبھی پنجاب، سرحد، سندھ اور بلوچستان، مجھے ہر جگہ سب رنگ ڈائجسٹ کی مانگ نظر آئی اور وہ ا س لیے کہ اس میں جانگلوس چَھپ رہا تھا۔ مَیں نے جانگلوس کی پہلی پڑھائی سب رنگ ڈائجسٹ ہی کے ذریعے کی تھی۔ مَیں جس شہر سے بھی سب رنگ ڈائجسٹ خریدتا، تو بُک سٹال والے سے پوچھتا کہ یہ کیوں بکتا ہے؟ جواب ملتا، جانگلوس کی وجہ سے۔ مجھے یہ بھی یاد ہے کہ ’’ادبی ڈیروں‘‘ پر جانگلوس اور شوکت صدیقی منفی تنقید کا نشانہ بنے رہے تھے۔
شوکت صدیقی کی تحریروں کی خصوصیات کا جایزہ لیں، تو یہ بات صاف عیاں ہو کر سامنے آتی ہے کہ وہ بنیادی طور پر ایک کہانی کار ہے اور ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنی کہانی میں دلچسپی کے عناصر کا خصوصی خیال رکھتا ہے اور اس پر طرہ یہ کہ روانی کو ٹوٹنے نہیں دیتا۔
دوسری خصوصیت یہ ہے کہ وہ بے لاگ حقیقت نگاری کرتا ہے۔ وہ نہ تو اشارے کنایوں میں بات کرتا ہے اور نہ علامتوں کا سہارا ہی لیتا ہے۔ اس کی تحریروں میں رمزیت اور رومانیت کے عناصر خال خال ہی نظر آتے ہیں۔ وہ اپنے قاری کو اپنے ساتھ لے کر چلتا ہے، کسی مبلغ کی طرح منبر پر بیٹھ کر قاری سے خطاب نہیں کرتا۔ اس کی تحریروں میں زندگی کی جتنی امیر رنگا رنگی ہے، وہ شاید اور کسی ادیب کے ہاں نہیں۔ ’’جانگلوس‘‘ اور ’’خدا کی بستی‘‘ داستانوں کی سی ضخامت رکھتے ہیں۔ ان میں تحیر خیزی اور پُراسراریت بھی ہے، لیکن اندازِ تحریر الف لیلوی داستانوں کی طرح مقفع و مسّجع نہیں بلکہ انتہائی سادہ ہے۔
شوکت صدیقی زیریں دنیا (انڈر ورلڈ) کے حوالے سے جب کردار کشی کرتا ہے، تو ان کی مخصوص اصطلاحات کا بخوبی استعمال کرتا ہے اور یوں لگتا ہے کہ وہ انڈر ورلڈ کا ہی آدمی ہے۔
بہت سے ناقدین کو اعتراض ہے کہ شوکت صدیقی نے بازاری زبان کو اُردو میں داخل کردیا ہے۔ ’’سالے‘‘، ’’حرام زادے‘‘، ’’حرام کے تخم‘‘ جیسی گالیوں کو ناولوں کی زینت بنا کر ادبی اُردو کے ساتھ زیادتی کی ہے…… لیکن شاید ایسا نہیں۔ اگر شوکت صدیقی کے کردار اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اسی طرح کی زبان بولیں، تو اس نے پورا انصاف کیا ہے اور ادبی اُردو کو خراب نہیں بلکہ زرخیز کیا ہے۔
شوکت صدیقی کی صحافتی تحریریں بھی زبان کے اُس چٹخارے سے خالی ہیں جو عام طور پر کالم نویس استعمال کرتے ہیں۔ وہ گرم موضوعات کو اپنے کالموں کا موضوع بھی نہیں بناتے۔ لہٰذا ان کے صحافتی کالم شاید عام قاری کے لیے اتنے دلچسپ نہیں۔ البتہ ان کالموں میں سنجیدہ مسایل پر طویل گفتگو ضرور موجود ہے…… جن مسایل پر انہوں نے اپنے وقت میں قلم اٹھایا، وہ آج بھی اتنے ہی سنجیدہ ہیں…… بلکہ ان کی کیفیت مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔ یوں یہ صحافتی تحریریں سنجیدہ قارئین کے لیے معلومات کے ایک اہم خزانے کا درجہ رکھتی ہیں ۔
شوکت صدیقی کی وفات 18 دسمبر 2006ء کو ہوئی۔ اس کو جو خراج عقیدت ملنا چاہیے تھا، وہ اسے نہیں ملا۔ شاید اس کی بڑی وجہ اُردو دانوں کی ناپسندیدگی تھی کہ وہ ان کے دبستان سے نکل کر عوام کے ساتھ جا کھڑا ہوا تھا۔ اُس نے ادبی رسایل کے لیے لکھنے پر ہی اکتفا نہیں کیا…… بلکہ ڈائجسٹوں کے ذریعے اپنے وسیع قاری پیدا کیے۔ مَیں سمجھتا ہوں کہ ضیا کے مارشل لا دور میں کچھ شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے سخت سنسرشپ اور فنون لطیفہ کی نفی کے باوجود عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ۔ ان میں شوکت صدیقی جانگلوس کے حوالے سے اور صوفی لوک گائیکی کے حوالے سے عابدہ پروین شامل ہیں۔
مَیں تو صرف یہ کہوں گا شوکت صدیقی صاحب! لکھنؤ کی اُردو کو چھوڑ کر عوام کی اُردو اپنا کر آپ نے اُردو قاری پر ایک طرح سے بہت بڑا احسان کیا۔
…………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔