بالائی سوات: تاریخ کے تناظر میں (تبصرہ)

’’بالائی سوات: تاریخ کے تناظر میں‘‘ وکیل خیرالحکیم حکیم زے صاحب کی پشتو کتاب کا اُردو ترجمہ ہے جو کئی سال قبل شائع ہوکر علمی، ادبی اور تحقیقی حلقوں میں شرفِ قبولیت حاصل کرچکی ہے۔ چوں کہ یہ کتاب اپنی نوعیت کے لحاظ سے نہایت اہم تھی اور اس میں اس علاقے کا جس تاریخی اور تحقیقی زاویے سے نسلی، سماجی اور سیاسی جائزہ لیاگیا ہے، ضروری تھا کہ اسے اُردو داں طبقے تک بھی پہنچایا جائے، تاکہ یہ سوات کی تاریخ و تحقیق سے دلچسپی لینے والے عام قارئین کے ساتھ ساتھ محققوں اور طالب علموں کے لیے بھی ریفرنس کا کام دے سکے۔
زیرِتبصرہ کتاب میں فاضل مصنف نے سوات کے قدیم رسم و رواج، سیاسی و سماجی زندگی کی اقدار اور اس علاقے کی نسلی و لسانی زندگی کا مؤثر اور خوب صورت خا کہ کھینچا ہے۔ ان میں بہت سی معاشرتی اقدار اب قصۂ پارینہ بن چکی ہیں اور اب وہ ہمیں صرف تاریخ کے اوراق میں ہی نظر آتی ہیں، تاہم بہت سے رسوم و رواج جو اَب متروک ہوچکے ہیں، انھیں اس کتاب میں محفوظ کر لیا گیا ہے۔ اس کتاب میں سوات اور اہلِ سوات کی سماجی اور سیاسی زندگی کے حوالے سے بہت سی ایسی نئی باتیں موجود ہیں، جن سے ہماری نئی نسل آگاہ نہیں۔ صاحبِ کتاب نے زندگی کے ہر موضوع پر قابلِ قدر طبع آزمائی کی ہے۔ غرض وہ کون سا موضوع ہے جسے اس کتاب میں زیرِبحث نہ لایا گیا ہو۔ تاریخ و جغرافیہ، غم و خوشی، شادی بیاہ، قبیلوی اور اراضیاتی تقسیم، شجرہ ہائے نسب، مختلف پیشے، مختلف تحریکیں، نسلی و لسانی تقسیم، پیدائش اور فوتگی، رشتے ناتے، دوستی اور دشمنی، میلے ٹھیلے، کھیل کود، تعمیرات و ذرائع رسد و رسائل، تعلیمی و طبی ادارے، مشہور شخصیات اور شعر و ادب کے علاوہ بھی بہت سے دیگر ایسے موضوعات اس کتاب میں موجود ہیں جن سے اس خطۂ زمین اور یہاں کے باسیوں کا تعلق ماضی میں رہا ہے، یا اب بھی ہے۔

"بالائی سوات: تاریخ کے تناظر میں” کا ٹائٹل پیج۔ (ٖفوٹو: فضل ربی راہیؔ)

گویا اس کتاب میں اس متعلقہ علاقے کے متعلق ہر طرح کی معلومات جمع کی گئی ہیں جو ایک نہایت مشکل لیکن اہم کام ہے اور پھر اپنی رائے اور بعض تاریخی حقائق کی توثیق کے لیے مختلف کتابوں سے مستند تاریخی حوالہ جات کا اندراج، یہ سب کچھ اس کتاب کی تاریخی و تحقیقی اہمیت دوچند کرتی ہے۔
فاضل مصنف نے اس سے قبل پشتو میں قابلِ قدر علمی و ادبی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی اُردو اور پشتو کی آٹھ کتابیں زیورِ طبع سے آراستہ ہوچکی ہیں اور کئی کتابیں زیرِطبع ہیں۔
موجودہ کتاب ’’بالائی سوات: تاریخ کے تناظر میں‘‘ شعیب سنز پبلشرز اینڈ بک سیلرز (سوات مارکیٹ، جی ٹی روڈ مینگورہ) نے نہایت خوب صورت گیٹ اَپ کے ساتھ شائع کی ہے۔
یہ کتاب پشاور میں یونی ورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار، اسلام آباد میں سعید بک بینک جناح سپر مارکیٹ، لاہور میں المیزان ناشران و تاجران کتب الکریم مارکیٹ اُردو بازار، کراچی میں ویلکم بک پورٹ اور فضلی سنز بک سپر مارکیٹ اُردو بازار کے علاوہ ہر اچھے کتب فروش کے پاس دستیاب ہے۔
………………………………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔