21 ستمبر، معروف قوال مقبول احمد صابری کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق پاکستان کے معروف قوال مقبول احمد صابری 21 ستمبر 2011ء کو 66 سال کی عمر میں جنوبی افریقہ میں انتقال کرگئے۔
وہ تمغائے حسنِ کارکردگی حاصل کرنے والے مشہور قوال غلام فرید صابری کے چھوٹے بھائی تھے۔
مقبول صابری 12 اکتوبر 1941ء کو بھارتی پنجاب کے علاقے کلیانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے بڑے بھائی غلام فرید صابری کے ساتھ قوالی گانا شروع کی اور ’’صابری براردز‘‘ کے نام سے شہرت حاصل کی۔ وہ اپنے بڑے بھائی غلام فرید صابری سے گیارہ برس چھوٹے تھے اور انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ گائی گئی قوالیوں کی وجہ سے بہت نام کمایا۔ انہوں نے اپنے بھائی کے ہمراہ بیرونِ ملک بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جو بہت پسند کیا گیا۔
مقبول صابری قوالی کی صنف میں ایک استاد کا درجہ رکھتے تھے۔ 70 اور 80کی دہائی میں صابری برادرز کو قوالیوں کی وجہ سے بہت پذیرائی ملی اور یہ وہ دور تھا جب ان کی قوالیوں والی بے شمار کیسٹس ریلیز ہوئیں اور ان کی ریکارڈ فروخت بھی ہوئی۔