اسے اردو نثر کی اولین صنف قرار دیا گیا ہے۔ داستان جھوٹی کہانی یا من گھڑت قصہ ہوتی ہے۔
داستان وہ طویل کہانی ہے جو حقیقی زندگی کے بجائے محیرالعقول واقعات سے تعلق رکھتی ہے۔ ایسی کہانی میں مافوق الفطرت واقعات کا ایک سلسلہ ہوتا ہے۔
داستان میں چوں کہ حواس کے اعتبار میں آنے والے واقعات نہیں ہوتے، اس لیے دلچسپی اور تجسس داستان کے اہم اجزا ہیں۔
دنیا کے تقریباً ہر ادب کے شروعات میں داستان موجود ہے، اس کی وجہ انسان کے شعور کی اولین حیرت پسند سطح ہے۔ علم و عرفان کے فروغ اور سائنسی مکاشفات کے باعث ادب داستان کی حیران کن سحر زدہ فضا سے باہر نکلا۔
اردو ادب میں داستان، ناول، ناولٹ، افسانہ اور طویل مختصر افسانے کی مورثِ اعلیٰ ہے۔
(پروفیسر انور جمال کی تصنیف ادبی اصطلاحات مطبوعہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اشاعتِ چہارم مارچ، 2017ء، صفحہ نمبر 101 سے انتخاب)