جیکب آباد کا تاریخی کبوتر گھر

صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں ڈیڑھ سو سال پرانا کبوتر گھر ہے جو جنرل جان جیکب نے 1860ء میں تعمیر کروایا تھا۔
یہ اپنی نوعیت میں منفرد اور نو آبادیاتی سندھ کی پہلی کبوتروں کی نرسری کہلاتی ہے۔
جنرل جان جیکب نے یہ نرسری اس زمانہ میں ناقص ابلاغی نظام، دور دراز علاقوں کی وجہ سے اور جاسوسی کے مقصد کے تحت اپنی رہائش کے احاطہ میں قائم کی۔
کبوتر گھر کی عمارت 30فٹ بلند ہے۔ اس میں تقریباً 320 چھوٹے آشیانے بنائے گئے۔
اب جنرل جیکب کی رہائش گاہ، ڈی سی آفس میں تبدیل ہوچکی ہے، تاہم اس سے ملحق کبوتر گھر میں آج بھی 300 سے زائد کبوتر مقیم ہیں اور ان کی غٹرغوں اپنے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتی محسوس ہوتی ہے۔ البتہ اس کبوتر گھر کی دیواروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔
(ماہنامہ قلندر شعور،اپریل 2019ء، صفحہ نمبر 80 سے انتخاب)