آج کی اس نشست میں سورۂ یٰسین کے فضائل ذکر کرنا چاہتا ہوں۔
یوں تو قرآن کریم کے ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیاں ملتی ہیں۔ اس حوالہ سے حضورؐ کا ارشادِ مبارک ہے کہ میں یہ نہیں کہتا کہ ’’الم‘‘ ایک حرف ہے بلکہ ’’الف‘‘ جدا ’’لام‘‘ جدا اور ’’میم‘‘ جدا جدا حروف ہیں اور ان پر تیس نیکیاں ملتی ہیں۔
اس میں کسی قسم کا شک و شبہ نہیں کہ قرآن مجید ایمان والوں کے لیے نصیحت، شفا، ہدایت اور رحمت ہے۔ یہ صراطِ مستقیم ہے اور یقین والوں کے لیے دلیل اور نور ہے۔ روایت ہے کہ قرآن مجید کو سارے کلاموں پر ایسی فضیلت حاصل ہے جس طرح اللہ کی پاک ذات کو تمام مخلوقات پر فضیلت حاصل ہے۔ اور وہ بندہ بھی سب سے افضل ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ قرآن کو پڑھے اور دوسروں کو پڑھائے۔
اپنے موضوع کی طرف آتا ہوں کہ سورۃ یٰسین کے فضائل کیا ہیں۔
٭ عطاء ابن ابی رباح ؒ فرماتے ہیں کہ مجھے حضورؐ کا یہ ارشاد مبارک پہنچا ہے کہ جو بندہ صبح کو سورۂ یٰسین پڑھ لے، تو اس کے سارے دن کی حاجتیں پوری ہوں گی۔
٭ ایک روایت میں ہے کہ ہر چیز کے لیے ایک دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل سورۂ یٰسین ہے۔ جو شخص سورۂ یٰسین پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اس کو دس قرآنوں کا ثواب عطا فرمائے گا۔
٭ ایک روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سورۂ طہٰ، سورۂ یٰسین کو زمین و آسمان پیدا کرنے سے پہلے پڑھ لیا، جب فرشتوں نے سنا، تو کہنے لگے خوشخبری ہو اس امت کے لیے جس پر یہ قرآن نازل ہوگا۔ اور خوشخبری ہو ان دلوں کے لیے جو یہ یاد کریں گے۔ اور خوشخبری ہو ان زبانوں کے لیے جو یہ تلاوت کریں گے۔
٭ ایک روایت میں ہے کہ جو بندہ سورۂ یٰسین کو اللہ کی رضا کے لیے پڑھ لے، تو اس کے سابقہ گناہ معاف ہوں گے۔ پس اس سورہ کو اپنے مردوں پر پڑھو۔
٭ ایک روایت میں ہے کہ تورات شریف میں اس سورہ کا نام ’’منعمہ‘‘ ہے، جو اپنے پڑھنے والوں کے لیے دنیا و آخرت کی کامیابیوں پر مشتمل ہے۔ یہ سورہ دنیا و آخرت کی مصیبت اور ڈر کو دور کردیتا ہے اور اس سورۃ کا نام ’’رافعہ‘‘ اور ’’خافضہ‘‘ بھی ہے، یعنی مؤمنوں کے درجے کو بلند کر دیتا ہے اور کفار کے درجے کو نیچے کردیتا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ جس نے رات کو یہ سورہ پڑھ لی اور مر گیا، تو شہید مر گیا۔ ایک روایت میں ہے کہ جو اس سورہ کی تلاوت کرے گا،تو اس کی مغفرت ہوگی۔ اور جو بھوک کی حالت میں پڑھے گا، تو اس کی بھوک جائے گی اور جو کوئی راستہ بھول گیا اور اس سورہ کی تلاوت کرے، تو وہ راستہ پالے گا۔ اور جس سے کوئی جانور یا کوئی اور چیز گم گئی ہو اور وہ اس سورہ کو پڑھ لے، تو اس کی گم شدہ چیز مل جائے گی۔ اور اگر اس حالت میں پڑھ لے کہ خوراک کم ہونے کا خطرہ ہو، تو خوراک کافی ہوجائے گی۔ اور اگر ایسی شخص کے قریب پڑھ لی جائے، جس کا آخری وقت ہو یعنی وہ حالت نزع میں ہو، تو اس کی بقیہ حالتِ نزع آسان ہوگی۔ اور جس عورت کو بچہ پیدا ہونے کی تکلیف ہو، اس کے قریب پڑھ لی جائے، تو اس عورت کی تکلیف ختم ہوگی اور بچہ آسانی سے پیدا ہوگا۔ اور اگر کسی بادشاہ یا کسی اور دشمن وغیرہ کا کوئی خوف اور ڈر ہو اور اس کے لیے سورۂ یٰسین پڑھ لی جائے، تو ڈر اور خوف دور ہوجائے گا۔
٭ ایک روایت میں ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن سورۂ یٰسین اور سورۂ والصفت پڑھ لے اور پھر دعا کرے، تو اس کی دعا قبول ہوگی۔
یہ سارے فضائل کتاب ’’مظاہرِ حق‘‘ سے لیے گئے ہیں۔ اگرچہ بعض روایتوں میں محدثین نے اس کی سند میں باتیں کی ہیں، لیکن اس میں کسی قسم کا کوئی شک نہیں کہ سورۂ یٰسین پڑھنا ثواب ہے۔ اس سے دنیا و آخرت کی حاجتیں پوری ہوتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)
………………………………………..
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔